Feb ۱۶, ۲۰۱۹ ۱۹:۱۱ Asia/Tehran
  • میونخ میں ایران کے وزیر خارجہ کے عالمی رہنماؤں سے صلاح و مشورے

میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ اور دنیا کے مختلف رہنماؤں کے درمیان ملاقاتوں میں جامع ایٹمی معاہدے اور یورپ کے مالیاتی سسٹم انسٹیکس سمیت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے میونخ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی معاون خصوصی روز میری ڈی کارلو سے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعاون، قرار داد بائیس اکتیس، جامع ایٹمی معاہدے، یورپی تجارتی میکنیزم، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل، نیز افغانستان، یمن، شام اور لبنان کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

لبنان کے وزیردفاع الیاس بوصعب نے بھی ہفتے کو میونخ کانفرنس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے سب ہی معاملات پر بات چیت کی جس میں اقتصادی اور علاقائی تعاون کا معاملہ سر فہرست رہا ہے۔ انٹرنیشنل ایلڈرز گروپ کے اخضر ابراہیمی اور میری رابنسن نے بھی میونخ کانفرنس کے دوران ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات اور تبادلہ خیال کیا ہے۔

انٹرنیشنل ایلڈرز گروپ کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل زیر بحث آئے۔ یونیسف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہنریتا فور نے بھی میونخ میں ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

میونخ اجلاس کےدوران آرمینیا کے وزیر خارجہ نے بھی ڈاکٹر محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات اور تہران تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی۔ قبل ازیں یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیدریکا موگرینی اور جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ کانگ کیونگ ہوا نے بھی ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کی قیام گاہ پر ان سے ملاقات کی تھی۔ میونخ سیکورٹی کانفرنس جمعے کی شام کو شروع ہوئی ہے جس میں مختلف ملکوں کے صدور، وزرائے خارجہ و دفاع اور عالمی تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ دنیا بھر کے سیاسی اور سلامتی اور عالمی امور کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔

ٹیگس