Feb ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستانی سفیر کی وزارت خارجہ میں طلبی

جنوب مشرقی ایران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد تہران میں پاکستانی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر لیا گیا۔

ایران کی وزارت خارجہ میں مغربی ایشیا کے امور کے ڈائریکٹر جنرل نے تہران میں پاکستانی سفیر رفعت مسعود کو وزارت خارجہ طلب کر کے پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں احتجاج کیا۔

انھوں نے پاکستانی سفیر رفعت مسعود سے کہا کہ ایران کو امید ہے کہ پاکستان پاکستانی علاقوں میں قائم دہشت گردوں کے اڈوں اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر پابندی اور ان کے خلاف ٹھوس اقدامات عمل میں لائے گا اور اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ دہشت گرد گروہ اپنے غیر انسانی اقدامات سے سرحدی علاقوں میں بدامنی پھیلا سکیں اور دونوں ملکوں میں عدم اعتماد کی دیوار کھڑی کر سکیں۔

ایران کی وزارت خارجہ میں مغربی ایشیا کے امور کے ڈائریکٹر جنرل نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کی شناخت اور انھیں گرفتار کرے۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر نے بھی کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنے ملک کی حکومت کو ایران کے احتجاج سے باخبر کریں گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بدھ کے روز خاش زاہدان روڈ پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلمی کے جوانوں کی حامل بس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں ستائیس افراد شہید اور تیرہ دیگر زخمی ہو گئے۔

جیش عدل سے موسوم جیش الظلم دہشت گرد گروہ نے اس وحشیانہ حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ٹیگس