Feb ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۴:۰۴ Asia/Tehran
  • ایجنسی کی چودھویں رپورٹ بھی ایران کی حقانیت کی دلیل

ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کی مکمل طور پر پاسداری کی ہے۔

ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے ایٹمی معاہدے پر کاربند رہنے کے تعلق سے ایجنسی کی چودھویں رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی اے ای اے اور عالمی برادری کی توجہ منحرف کرنے کی دشمنوں کی تمام کوششوں کے باوجود ایران اور ایجنسی کے درمیان تعاون تعمیری راستے پر گامزن ہے-

ایرانی مندوب نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی نے چودھویں بار اپنی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے-

انہوں نے آئی اے ای اے کی چودھویں رپورٹ کے سامنے آنے کے موقع پر کہا کہ پچھلی تیرہ رپورٹوں کی طرح اس رپورٹ میں بھی ایجنسی نے صراحت کے ساتھ کہا ہے کہ جنوری دو ہزار سولہ سے جب سے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد  شروع ہوا ہے ایران نے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے تعلق سے اپنے سبھی وعدوں پر عمل کیا ہے-

ایرانی مندوب نے کہا کہ  آئی اے ای اے اور عالمی برادری کی توجہ منحرف کرنے کے لئے ایران کے دشمنوں اور بدخواہوں کی بے شمار کوششوں کے باوجود ایران اور ایجنسی کے درمیان تعمیری تعاون جاری ہے-

انہوں نے کہا کہ ایجنسی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے غیرجانبداری کو باقی رکھے۔

انہوں نے ساتھ ہی سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے ایجنسی پر دباؤ ڈالنے کی بعض ملکوں کی کوششوں پر بھی تنقید کی-

آئی اے ای اے میں ایرانی مندوب نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں ذمہ دارانہ طریقے سے اپنے وعدوں پرعمل کیا ہے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے دیگر فریقوں کو بھی چاہئے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایران ایٹمی معاہدے میں درج اقتصادی مفادات سے عملی طور پر استفادہ کر سکے-

آئی اے ای اے نے اپنی چودھویں رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ ایران نے ایجنسی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے-

ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکل جانے کے بعد بھی ایران اپنے وعدوں پر عمل کر رہا ہے اور یورپی یونین نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنا چاہتی ہے۔