Mar ۰۳, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۴ Asia/Tehran
  • امریکی طاقت رو بہ زوال ہے ، سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ کا بیان

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمیرل علی شمخانی نے امریکا کے زوال پذیر ہونے پر زور دیا ہے ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمیرل علی شمخانی نے اتوار کو تہران میں دفاع مقدس کی تاریخ پر منعقدہ قومی سیمینار سے خطاب میں کہا کہ امریکی طاقت زوال پذیر ہے ۔انھوں نے کہا کہ امریکا، یورپ اور علاقے کی رجعت پسند حکومتوں نے اسلامی استقامت کو ختم کرنے کے لئے کرائے کے دہشت گردوں سے کام لیا لیکن اسلامی تحریک استقامت، حزب اللہ کے سپاہیوں ، شام کی فوج، عراق کی عوامی رضاکار فورس، الحشد الشعبی ، یمن کی عوامی رضاکار فورس انصاراللہ اور محافظین حرم نے ثابت کردیا کہ مغرب، دنیا کا محور نہیں ہے اور امریکی طاقت کا جو کاغذی مجسمہ کھڑا کیا گیا ہے اس کو بہت آ‎سانی سے زمیں بوس کیا جاسکتا ہے ۔اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمیرل علی شمخانی نے علاقے میں تکفیری دہشت گردوں کی شکست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی سرزمین پر تکفیری دہشت گردوں کی حکومت قائم کرنے کی سازش انتہائی پیچیدہ اور عالم اسلام کے لئے بہت خطرناک تھی لیکن اسلامی استقامتی ثقافت کی آغوش میں پرورش اور تربیت پانے والے سپاہیوں کی جانثاری نے اس پیچیدہ اور خطرناک سازش کو ناکام بنادیا ۔ایڈمیرل علی شمخانی نے کہا کہ آج مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے لئے سلامتی فراہم کرنے پر بھاری رقم خرچ کی جارہی ہے لیکن اس سلسلے میں امریکا اور علاقے کی رجعت پسند حکومتوں کی ساری کوششیں ناکام ہوگئی ہیں اور غاصب صیہونی حکومت ، مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں پر بھی اور سرحدوں کے اندر بھی خود کو زیادہ غیر محفوظ محسوس کررہی ہے ۔اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے ایران مخالف اتحاد قائم کرنے میں امریکا کی ناکامی، وارسا اجلاس کے بے نتیجہ اور ناکام رہنے، علاقے کی عرب حکومتوں کے اندرونی اختلافات اور بعض دیگر حقائق کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ تمام حقائق اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے انتظار میں شکست اور ناکامی کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔

ٹیگس