Mar ۰۹, ۲۰۱۹ ۲۱:۰۵ Asia/Tehran
  • ایران عراق اور ایران ہندوستان تعلقات کے فروغ پر تاکید، صدر روحانی

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران بغداد اور تہران نئی دہلی تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے تمام ملکوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کا عزم ظاہر کیا ہے۔

صدر مملکت نے ہفتے کے روز نئے عراقی سفیر سے سفارتی اسناد کی وصولی کی تقریب کے موقع پر ایران اور عراق کے درمیان تعلقات کو خطے کے لیے مثالی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ سے ہم خیال ممالک کے تعلقات پر مثبت اثرات پڑیں گے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نےایران اور عراق کے عوام کے درمیان قائم دیرینہ، بے مثال اور منفرد رشتوں کو باہمی تعلقات کے فروغ کا اہم سرمایہ قرار دیا۔
صدر ایران نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام عراق کی خوشحالی، ترقی اور سلامتی کے خواہاں ہیں اور تہران ایک بھائی کی طرح، تلخ و شیریں لمحات میں عراقی قوم اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
اس موقع پر نئے عراقی سفیر عبدالرحمن سعدجواد قندیل نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ سب ہی شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید تقویت دینا چاہتا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کے روز اسی طرح نئے ہندوستانی سفیر گڈّم دھرمیندر سے بھی سفارتی اسناد وصول کیں اور تہران نئی دہلی تعلقات کو پائیدار اور مستحکم قرار دیا۔
صدر حسن روحانی نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں اور سمجھوتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چابہار بندرگاہ ایران ہندوستان تعلقات میں فروغ کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کو فروغ دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
صدر ایران نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے تمام ممالک کے درمیان تعاون پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ دو اہم علاقائی اور ہمسایہ ملکوں کی حثیت سے ہندوستان اور پاکستان امن اور دوستی کی جانب قدم بڑھائیں گے۔
ہندوستان کے سفیر جی دھرمیندر نے کہا کہ نئی دہلی تہران کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کو فروغ دینے کا پختہ عزم رکھتا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی لین دین میں قومی کرنسیوں کے استعمال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں ہندوستان اور ایران کے درمیان تعاون کا عمل مزید مضبوط ہوا ہے۔
نئے ہندوستانی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئی دہلی اور تہران کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

ٹیگس