Mar ۰۹, ۲۰۱۹ ۲۳:۵۱ Asia/Tehran
  • شہید ڈاکٹرمحمد علی نقوی ایک آفاقی شخصیت

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے بانی اورپاکستان کی معروف انقلابی، سیاسی اور سماجی شخصیت شہید ڈاکٹرمحمد علی نقوی کی چوبیسویں برسی کے موقع پر آج رات تہران میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں تہران،قم اور قزوین کے طلباء و طالبات اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تعزیتی اجلاس سے ایرانی یونیورسٹیوں میں رہبرانقلاب اسلامی کے ادارے کے سیاسی اور ثقافتی شعبے کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمد مہدی صالحی،شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے دیرینہ ساتھی ڈاکٹر سید راشد عباس نقوی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے شہید ڈاکٹرمحمد علی نقوی کی پاکستان میں سیاسی، سماجی اور مذھبی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

مقررین نے کہا کہ شہید نقوی عالم اسلام میں اتحاد امت کے لئے کام کرنے والی شخصیات تھے اور انھیں اسی لئے دشمنان اسلام نے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی تا کہ مسلمان آپس میں متحد نہ ہو سکیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شہید ڈاکٹرمحمد علی نقوی ایک آفاقی شخصیت کے مالک تھے اور حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شہید عباس موسوی شہید ڈاکٹرنقوی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے اور ان سے کافی مانوس تھے۔

تہران کے تعزیتی اجلاس سے قبل اصفہان اور قم میں بھی شہید ڈاکٹرمحمد علی نقوی کی 24 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

جامعہ المصطفی العالمیہ قم کے طلبا نے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس کےمہمان خصوصی عالمی مجلس برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سربراہ آیت اللہ محسن اراکی تھے اس موقع پر سیمینار سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کو ملت اسلامیہ کا ایک چکمتاہوا ستارہ قرار دیا -

آیت اللہ محسن اراکی نے اتحاد بین المسلمین کے تعلق سے شہید نقوی کی کوششوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان سمیت پورے عالم اسلام میں اتحاد امت کے لئے کام کرنے والی شخصیات کی قدردانی کی-

آیت اللہ محسن اراکی نے عالمی سامراج اور اس میں سرفہرست امریکا اور اس کے اتحادی سعودی عرب کی اتحاد دشمنی اور اسلام مخالف سرگرمیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سامراجی طاقتوں نے مسلمانوں کے درمیان اختلاف پیدا کر کے ہمیشہ اپنے مفادات حاصل کرنے کی کوشش کی ہے-

انہوں نے کہا کہ البتہ ایران کے اسلامی انقلاب نے دشمنوں کی سازشوں کو بے نقاب کر دیا ہے اور آج ایران سے امریکا اور سامراجی طاقتوں کی دشمنی کی وجہ یہی ہے کہ ایران اتحاد بین المسلمین کا علمبردار ہے-

اصفھان میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 24 ویں برسی میں حوزه علمیه اصفهان کےطلاب اور اصفهان  یونیورسٹی کے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرحوزه علمیه اصفهان کےعالم دین علامه مشتاق حسین حکیمی نے شہید و شہادت کی عظمت پرروشنی ڈالی اور صدر اسلام سے لے کرآج تک کے دور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دور حاضرمیں شہید کے افکار و نظریات کو زنده اور اس پرعمل کرنے کی ضرورت پر تاکید کی ۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرمحمد علی نقوی کو 7مارچ 1995ء میں تکفیری دہشتگردوں نے لاھور میں شہید کردیا تھا۔ لاہور کے مصروف ترین چوک میں ہونے والی اس اندوہناک واردات کی خبرجنگل کی آگ کی طرح ملک بھر میں پھیل گئی۔ قائد شہید علامہ عارف الحسینی کی شہادت کے بعد یہ ملت تشیع پاکستان کے لئے سب سے بڑا نقصان اور صدمہ تھا اور پاکستانی ملت کا ایک روشن اور چمکتا ستارہ یتیم خانہ چوک میں ڈوب گیا ۔

………………………….

 

 

ٹیگس