Mar ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۸ Asia/Tehran
  • ایران: قم میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی مجاہدت کی قدردانی

ایران کے شہر قم میں ہفتے کی رات ایک تقریب میں بحرین کے معروف عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی مجاہدت کی قدردانی کی گئی۔

حوزہ علمیہ قم کے جامعہ مدرسین کے سربراہ نے اس تقریب سے اپنے خطاب میں بحرین کے معروف عالم دین اور مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے ایران کے سفر کو بحرینی عوام کے انقلاب کی کامیابی کا نقطہ آغاز قرار دیا اور کہا کہ بہت سی ہجرتیں، انقلابات کی کامیابی کا نقطہ آغاز ثابت ہوئی ہیں اور بحرینی عوام کی تحریک کی کامیابی بس اب صرف ایک قدم پیچھے ہے۔
آیت اللہ محمد یزدی نے بھی ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی میں امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی بے نظیر کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی کو جلاوطن کیا گیا پھر بھی آپ نے اسلامی انقلاب کو کامیابی کی منزل تک پہنچایا۔

انھوں نے کہا کہ مذہبی و دینی رہنماؤں کو پوری تاریخ میں بہت زیادہ مشقتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور دنیائے اسلام اس وقت آیت اللہ شیخ عیسی قاسم اور سید حسن نصراللہ کی مانند شخصیات کی کوششوں کی بنا پر تحریک مزاحمت کی عزت اور ترقی و پیشرفت کا مشاہدہ کر رہی ہے۔
اس تقریب سے اپنے خطاب میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے بھی کہا کہ طلبہ اور علمائے کرام کو چاہئے کہ ایران کے اسلامی انقلاب کے بانی اور ان کے جانشین کی راہ و روش اپنائیں۔
واضح رہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم تئیس فروری کو قم المقدسہ پہنچے ہیں۔

ٹیگس