Mar ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران اور عراق اپنے تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے کسی سے اجازت نہیں لیں گے، تہران

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ تہران اور بغداد اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے کسی سے اجازت نہیں لیں گے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکی وزارت خارجہ میں ایران ایکشن گروپ کے سربراہ برایان ہک کے مداخلت پسندانہ اور غیر پیشہ ورانہ بیان کے جواب میں کہا ہے کہ ایران اور عراق اپنے تعلقات کو آگے بڑھانے اور مستحکم کرنے کے لئے کسی سے اجازت نہیں لیں گے۔

واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ میں ایران ایکشن گروپ کے سربراہ برایان ہوک نے اپنے تازہ ترین مداخلت پسندانہ اور بے بنیاد بیان میں ایران کے صدر کے دورہ عراق پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ یہ دورہ عراقی عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکیوں کی ناراضگی کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کیونکہ امریکا مشرق وسطی میں اربوں ڈالرخرچ کرنے کے بعد بھی علاقے کی اقوام میں اپنا کوئی مقام نہیں بناسکا اوراس کی وجہ امریکا کی جارحارنہ، جنگ پسندانہ اور مداخلت آمیز پالیسیاں ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ نے  کہا کہ امریکی حکام کو چاہئے کہ وہ اپنی توسیع پسندی اور بداخلاقی کو ترک کردیں اور اس اہم اور روشن حقیقت کو درک کریں کہ اب دوسرے ملکوں میں مداخلت اور ان پر اپنی مرضی مسلط کرنے کا دورہ ختم ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اورعراق کی باشرف اقوام کو اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ جارحیت اور لشکر کشی  کے میدان میں سیاہ کارناموں کا حامل ایک ملک ہزاروں کلومیٹر دور سے ان کے لئے فرائض کا تعین کرے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران اورعراق کا انتخاب اچھی ہمسائیگی کے اصولوں اور دوستی و بھائی چارے پر استوار ایک اسٹریٹیجک تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

ٹیگس