Mar ۲۰, ۲۰۱۹ ۱۴:۰۳ Asia/Tehran
  • اسرائیل کو ایران کا سخت انتباہ

اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے صہیونی وزیراعظم کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کے جواب میں قابض صہیونی ریاست کو خبردار کیا ہے کہ ایران اپنے دفاع کا حق بھرپور استعمال کرے گا۔ دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ ایرانی عوام خطے اور دنیا میں سامراج کے خلاف جدوجہد میں پیش پیش اور ثابت قدم رہے ہیں۔

ایران کے مستقل مشن کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور صدر سلامتی کونسل کے چیئرمین نے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف صیہونی وزیراعظم کی دھمکی عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے لہذا سلامتی کونسل ان دھمکیوں کا نوٹس لے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے اراکین کو صیہونی جارحیت اور دھمکیوں کو روکنا ہو گا کیونکہ یہ مشرق وسطی کی صورتحال کے لئے نہایت خطرناک ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے صیہونیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف کسی بھی طرح کی غلطی کا ارتکاب کرنے سے باز رہے ورنہ ایران اپنے حق دفاع کا بھرپور استعمال کرے گا۔
یاد رہے کہ نتن یاہو نے چھے مارچ کو ایران کی تیل برآمدات کو تیل اسمگلنگ قرار دیتے ہوئے ایران کے تیل بردار جہازوں کو دھمکی دی تھی کہ صیہونی بحریہ، سمندر میں ایران کی تیل اسمگلنگ کو روک سکتی ہے۔
دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے قابض صیہونی ریاست کی جانب سے ایران پر بعض صیہونی حکام کے موبائل فون ہیک کرنے کے دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جھوٹ بولنا اور بے بنیاد الزامات لگانا صیہونیوں کا پرانا وطیرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکمراں امریکیوں کے ساتھ  مل کر ایرانو فوبیا کے فروغ اور ایرانی عوام کے خلاف دشمنی میں اضافے کے لئے نفیساتی جنگ کا استعمال کرتے ہیں جنہیں پہلے سے ہی شکست مل چکی ہے۔
بہرام قاسمی نے آسٹریلوی پارلیمنٹ پر سائبر حملے سے متعلق ایران کے ملوث ہونے کے الزام کو بھی مسترد کر دیا اور کہا کہ یقینا ایسے جھوٹے دعووں کا مقصد ایران کی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہماری ترقی کے خلاف نفسیاتی جنگ شروع کرنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی کمپنی نے دعوی کیا کہ ایرانی ہیکروں نے آسٹریلوی پارلیمنٹ کی سائٹ پر حملے کیے ہیں اور اس کو ہیک کر لیا ہے۔
درایں اثنا تیل کی صنعتوں کو قومیائے جانے کی سالگرہ  اور قومی دن کے موقع پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کہا ہے کہ ایران کے عوام نے اپنی خودمختاری اور قومی وقار پر کبھی سودے بازی کی ہے اور نہیں کریں گے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ ایرانی عوام خطے اور دنیا میں سامراج کے خلاف جدوجہد میں پیش پیش اور ثابت قدم رہے ہیں اور دنیا کے مختلف ملکوں پر بیرونی جارحیت کے خلاف مزاحمت کے میدان میں اپنے جرنیلوں کی موجودگی پر فخر کرتے ہیں۔
بہرام قاسمی نے تیل کی صنتعوں کو قومیائے جانے کی بعد ایران کی قومی ثروت کی لوٹ مار میں امریکہ اور مغربی طاقتوں کے براہ راست کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے نتیجے میں ملت ایران کی دیرینہ جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور ملکی دولت اور ثروت پر امریکہ اور مغربی ملٹی نیشنل کمپنی کی اجارہ داری کا مکمل خاتمہ ہو گیا۔

ٹیگس