Mar ۲۱, ۲۰۱۹ ۰۸:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران میں 1398 کا پہلا سورج نئی امیدوں اور امنگوں کے ساتھ طلوع

اسلامی جمہوریہ ایران میں کل ہجری شمسی سال 1397کا سورج تلخ و شیرین واقعات کے ساتھ غروب ہوا اور آج صبح نئے ہجری شمسی سال 1398 کا سورج اپنی پوری آب و تاب اور امیدوں کے ساتھ طلوع ہوا۔

امن کی امیدوں، خوشحالی کی تمناؤں اور نیک ارادوں کے ساتھ نئے ہجری شمسی سال 1398 کا پہلا سورج آج صبح اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوا اور خوشیوں، تلخیوں، کارناموں، شکستوں، فتوحات اور ناکامیوں کے ساتھ حسین یادوں کو پیچھے چھوڑ کر1397 رخصت ہو گیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وقت کے مطابق نئے ہجری شمسی سال یعنی نوروز کا آغاز کل رات ایک بج کر 28 منٹ اور 27 سیکنڈ پر ہوا۔

تحویل سال کے ابتدائی لمحات  کا آغاز ایرانی عوام  نےدعائے تحویل سال پڑہنے سے کیا " یامحول الحول والاحوال" ۔

نوروز، ایران کے قدیم قومی تہواروں میں سے ایک تہوار ہے  یہ ایرانی سال کے آغاز اور بہار کی آمد کا اور فطرت اور قدرت کے حُسن کا جشن ہے.

نوروز کا دوسرا نام زندگی میں امید اور اعتدال، امن، دوستی اور انسانی وقار کا اظہار ہے اور ایرانی قوم کے درمیان عید نوروز کے دن جشن منانا ایک رائج رسم ہے.

نوروز فارسی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی "نئے دن" کے ہیں. نوروز 21 مارچ بمطابق یکم فروردین یعنی نئے شمسی سال کے آغازاور بہارکا جشن ہے.

نوروز 12 ممالک میں منایا جاتا ہے جن میں اسلامی جمہوریہ ایران، ترکی، آذربائیجان، ہندوستان، پاکستان، ازبکستان، کرغستان، قازقستان، افغانستان، ترکمانستان، تاجکستان اورعراق شامل ہیں.

سحرعالمی نیٹ ورک اپنے سامعین،ناظرین اور کرم فرماوں کوعید نوروزاور بہار کی  آمد کی مبارک باد پیش کرتا ہے۔

 

ٹیگس