Mar ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۳:۲۶ Asia/Tehran
  • نیا ہجری شمسی سال مزید کامیابی کا سال ثابت ہو گا، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے نئے ہجری شمسی سال تیرہ سو اٹھانوے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے سال تیرہ سو ستانوے کو کامیابی کے ساتھ عبور کیا اور ایرانی قوم قطعی طور پر کامیابی و کامرانی کے ساتھ مسائل و مشکلات پر غلبہ پائے گی۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایرانی قوم کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی اور خودسرانہ پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کا خیال تھا کہ وہ ایران کے خلاف پابندیوں پر دنیا کو اپنے ساتھ کر سکتا ہے مگر آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ چند ایک ملکوں کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں من جملہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے کہا ہے کہ ایرانی عوام حق پر ہیں اور جن لوگوں نے عہد شکنی کی اور جرائم کا ارتکاب کیا ان کو سمجھنا چاہئے کہ اس کا انجام ان کے حق میں نہیں ہو گا۔ایران کے صدر نے نوروز کی آمد اور نئے ہجری شمسی سال تیرہ سو اٹھانوے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیا سال، تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دوستی بڑھانے کا سال ہو گا۔صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے نوروز کے موقع پر ایرانی قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں مزید کہا کہ نئے سال میں اور زیادہ یکجہتی پیدا ہو گی۔صدر ڈاکٹر روحانی نے نوروز کی آمد پر ایرانی قوم، وطن عزیز کے شہدا کے اہل خانہ اور تمام پڑوسی ممالک کو مبارکباد بھی پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اپنے دشمنوں کے مقابلے میں جو ایران کو جھکنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ دے کر اور زیادہ پختہ عزم و ارادے کے ساتھ استقامت و مزاحمت کا مظاہرہ کرے گی اور ان کو شکست دے گیانہوں نے ایرانی قوم سے اپیل کی کہ اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کو قائم رکھیں تا کہ دشمن ناکام رہے اور ہم اپنے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مزید آگے بڑھ سکیں۔ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ نیا ہجری شمسی سال پیداوار، سعی و کوشش اور ایرانی جوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جانے کا سال ہے اور حکومت اس راہ میں اپنی بھرپور کوشش جاری رکھے گی۔صدرمملکت کا کہنا تھا کہ نیا ایرانی سال مولا مشکل کشا امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت سے شروع ہوا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس بڑی ہستی کی برکت سے نیا سال ایرانی عوام کے لئے کامیابی کا سال ثابت ہو گا۔