Mar ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • ایران میں سیلاب، امدادی کارروائیاں تیزی کے ساتھ جاری

ایران میں ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے غیر متوقع اور تباہ کن سیلاب کے بعد امدادی کارروائیاں تیزی کے ساتھ جاری ہیں اور صورتحال کو کافی حد تک کنٹرول کر لیا گیا ہے۔

سول انتظامیہ کے ساتھ ساتھ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، فوج اور عوامی رضاکار فورس بسیج کے جوان بھی تمام تر وسائل اور مشینوں کے ساتھ بحالی کے کاموں میں مصروف ہے۔

ہنگامی بنیادوں پر کی جانے والی امدادی کارروائیوں کی وجہ سے جانی نقصانات میں کمی واقع ہوئی ہے البتہ بعض علاقوں میں شہری تنصیبات کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔ حالیہ دنوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے فارس، گلستان، مازندران اور لرستان سمیت اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف صوبوں میں سیلاب آگیا۔ شیراز میں پیر کو آنے والے سیلاب میں انیس افراد جاں بحق اور سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں شہری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے سیلاب کے نتیجے میں جان بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں شیراز کے امام جمعہ کو ہدایت کی کہ وہ متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے اور نقصانات کے ازالے کی غرض سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کے عمل میں مزید تیزی پیدا کرنے کی کوشش کریں۔
اسی کے ساتھ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ملک کی کرائسز منیجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔

 

ٹیگس