Mar ۳۱, ۲۰۱۹ ۲۰:۲۲ Asia/Tehran
  • یکم اپریل یوم اسلامی جمہوریہ، دینی جمہوریت کے ستونوں کے استحکام کا دن

ایران کی مسلح افواج نے ایک بیان جاری کر کے بارہ فروردین مطابق یکم اپریل یوم اسلامی جمہوریہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارہ فروردین مطابق یکم اپریل کی تاریخ دینی جمہوریت کے ستونوں کے استحکام کی تاریخ ہے۔

ایران کے عوام نے چالیس سال قبل بارہ فروردین مطابق یکم اپریل انیس سو اناسی کو ایک ریفرنڈم میں پورے شعور و آگہی کے ساتھ شرکت کر کے اسلامی جمہوریہ کے حق میں ووٹ دیا تھا اور اس دن کو یوم اسلامی جمہوریہ قرار دیا گیا-

ایران کی مسلح افواج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یکم اپریل یا بارہ فروردین کا دن ایران کے اسلامی جمہوری نظام کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے کہ جس روز ایران کے انقلابی عوام نے اپنی واضح اور غیر معمولی اکثریت سے اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر ایک دینی جمہوری حکومت کی بنیاد رکھی-

بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چالیس برسوں کے دوران عالمی استکبار اور اس کے علاقائی آلہ کاروں نے مختلف طریقوں منجملہ ایران پر آٹھ سالہ جنگ مسلط اور دہشت گردانہ کارروائیوں نیز ایرانی عوام پر پابندیاں عائد کر کے ہمیشہ یہ کوشش کی کہ ایرانی عوام کو آزادی اور خود مختاری کے راستے سے منحرف کریں لیکن عالمی استکبار کی یہ سازش ایرانی عوام کی ہوشیاری سے ناکام ہوتی رہی ہے-

ایران کی مسلح افواج نے جغرافیائی، اعتقادی اور سیاسی سرحدوں کے دفاع کی راہ میں جانفشانی کرنے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دیں گی کہ عوام کی خواہشات سے وجود میں آنے والے اس اسلامی جمہوری نظام کو معمولی سا بھی کوئی نقصان پہنچے-

یاد رہے کہ ایرانی قوم نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی دنوں میں اپنے عظیم رہبر و رہنما امام خمینی ( رح) کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے تاریخ ساز ریفرنڈم میں اپنی آگاہانہ شرکت کے ساتھ اسلامی جمہوری نظام  کے حق میں ووٹ دیئے اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی ایام میں ہی پوری دنیا پر اس بات کو واضح کر دیا کہ اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ وہ خود کریں گے اور کسی کو مداخلت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

ایرانی عوام نے تاریخ ساز ریفرنڈم میں شرکت اور اسلامی جمہوری نظام حکومت کا انتخاب کر کے اس بات کو ثابت کر دیا کہ ایران میں اغیار کی مداخلت کا دور اب ہمیشہ کے لئے ختم ہو چکا ہے اور ایرانی قوم اغیار سے رہائی و چھٹکارہ دلانے کے لئے اپنے پختہ عزم و ارادے کے ساتھ اپنے عظیم الشان رہبر و رہنما امام خمینی (رح) کی راہ کو جاری رکھیں گے۔

 

ٹیگس