Apr ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۰:۰۸ Asia/Tehran
  • امریکی ڈھٹائی عالمی امن و صلح کی راہ میں رکاوٹ: لاریجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ امریکی حکمرانوں کی ڈھٹائی، گستاخی اور دوہرے معیار نے عالمی قوانین اور ضوابط کو شدید مشکلات سے دوچار کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے قطرکےدارالحکومت دوحہ میں انٹر پارلیمینٹیرین یونین IUP کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس کے ساتھ میزائل معاہدے سے متعلق امریکی حکام کی ہٹ دھرمی، معاشی امور پر چین اور یورپی ممالک سے محاذ آرائی، ایران جوہری معاہدہ اور پیرس معاہدے جیسے عالمی معاہدوں سے یکطرفہ علیحدگی، دہشتگردی کے خلاف دوہرے معیار اور مقبوضہ فلسطین میں گستاخانہ اقدامات کی پشت پناہی کی وجہ سے عالمی امن و سلامتی داؤ پر لگ گیا ہے.

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ قیام امن اور صلح ایک ہی سکے کے دو رخ ہوتے ہیں اور دنیا کے کسی بھی کونے میں پائیدار قیام امن اور صلح بغیرقانون کی بالادستی کے حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی دنیا میں پر امن بقائے باہمی اور تمام انسانوں کے مفادات کی اصل بنیاد ہے اور یہ تین اصول سب کے سب ایک دوسرے کیساتھ جڑے ہوئے ہیں اور ان کے درمیان با معنی تعلقات ہیں۔

علی لاریجانی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دوسری بین الاقوامی تنظیموں کے قیام، انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے، سول اور سیاسی حقوق پر بین الاقوامی عہد و پیمان، اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قراردادوں اور کنونشنوں کے انعقاد کا اہم مقصد بھی ان تین اصولوں کا حصول ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ آج کی دنیا میں قانون کی بالادستی اور پائیدار قیام امن کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ منظم یافتہ جرائم، بین الاقوامی دہشتگردی، انسانوں اور منشیات کی اسمگلنگ، انسانی حقوق کی بدستور خلاف ورزی، انسانی اصولوں پر مبنی قوانین کی خلاف ورزی، دنیا بالخصوص مقبوضہ فلسطین اور القدس شریف میں نسل پرستی، بعض ممالک کی جانب سے خوف و ھراس کی پالیسی اور مصنوعی تشویش کا پھیلاؤ اور سب سے اہم بات بعض ممالک کی یکطرفہ، خود غرضی اور توسیع پسندی پر مبنی پالیسیاں، دوسرے ممالک کیخلاف غیر قانونی پابندیاں، دوسرے ممالک کی مصنوعات کی برآمدات میں غیر معمولی ٹیرف کا اضافہ اور بین الاقوامی سطح پر دہرے معیار پر مبنی پالیسیوں کو اپنانا، یہ سب کے سب قانون کی بالادستی اور قیام امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایران میں آنے والے سیلاب کے بعد سیلاب متاثرین کیلئے دنیا بھر کے ممالک کی امداد رسانی میں امریکہ رکاوٹ بنا اور عالمی ریڈ کراس کے ادارے کو ایران کے ہلال احمر کی مدد سے روک دیا جو اقتصادی دہشتگردی ہے۔

 

ٹیگس