Apr ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • امریکا کے گستاخانہ اقدامات نےعالمی امن کو درہم برہم کردیا، ایرانی اسپیکر ( تفصیلی خبر)

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹرعلی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکا کے گستاخانہ اقدامات اور رویّے نے عالمی امن و سلامتی کو درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرڈاکٹرعلی لاریجانی نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں انٹرپارلیمنٹری یونین کے ایک سوچالیسویں اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ذریعے  روس کے ساتھ میزائلی معاہدے آئی این ایف کی خلاف ورزی،  چین اور یورپی ملکوں کے ساتھ اقتصادی مسائل میں وعدہ خلافیوں، ماحوحولیات و ایٹمی معاہدے کے بارے میں دنیا کے ساتھ ہونے والے سمجھوتوں سے علیحدگی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوہرے رویّے  اور بیت المقدس و مقبوضہ فلسطین کے تعلق سے اس کے گستاخانہ اقدامات نے عالمی امن وسلامتی کو درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے۔

ڈاکٹرعلی لاریجانی نے شام کے جولان کے علاقے پر غاصب اسرائیلی حکومت کی حکمرانی کو تسلیم کرنے کے امریکی اقدام پرتنقید کرتے ہوئے مسجد الاقصی پر انتہا پسند صیہونیوں کے حملوں اور بیت المقدس میں نسلی اور مذہبی تصفیے کا ذکرکیا اور کہا کہ اس طرح کے توسیع پسندانہ اور عالمی قوانین کے منافی نیز انسانیت سوز اقدامات امریکی اور اسرائیلی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ مسلم اقوام امریکا اور صیہونی حکومت کی پالیسیوں کا ساتھ دئے جانے کے اقدامات کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران متاثرین کے لئے دنیا کے دیگر ملکوں اور ریڈکراس سوسائٹی کی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ کھڑی کی اور نتیجے میں اس نے یہ امداد ایران کی ہلال احمر سوسائٹی تک نہیں پہنچنے دی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے اس اقدام کو "اقتصادی دہشت گردی" کے سوا اور کوئی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

اسپیکر علی لاریجانی نے دوحہ میں آئی پی یو اجلاس کے موقع پر دوحہ میں انسداد دہشت گردی کے امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ولادیمیر ورونکوف سے ملاقات میں  کہا کہ آج دہشت گردوں کے حامی کون ہیں ان کے بارے میں پوری دنیا جان چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی سابق وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ واشنگٹن نے داعش کی حمایت کی اور اس کو بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ کے اس اعتراف کے پیش نظر اب اس بات کی ضرورت نہیں رہ جاتی ہے کہ یہ پتہ لگایا جائے  کہ دہشت گردوں کا حامی کون ہے۔ انہوں نے کہا  یہ بات سب پر واضح ہوچکی ہے کہ کون کون سے ممالک دہشت گردی کی حمایت کررہے ہیں۔

انسداد دہشت گردی کے امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے بھی اس ملاقات میں پس پردہ دہشت گردوں کے حامیوں کے بارے میں ڈاکٹرلاریجانی کی باتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان باتوں سے انسداد دہشت گردی کے میدان میں استفادہ کریں گے۔ انٹرپارلیمنٹری یونین کا ایک سو چالیسواں اجلاس دس اپریل تک جاری رہے گا۔

ٹیگس