Apr ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • اسوہ حریت و آزادی سرکار سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا جشن ولادت باسعادت

فرزند رسول الثقلین سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کا جشن اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں انتہائی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران جشن و نور و سرور میں غرق ہے-

تین شعبان المعظم کی آمد کی مناسبت سے پیر کی رات سے ہی ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں جشن کا آغاز ہو گیا تھا جو بدستور جاری ہے-

اس موقع پر مشہد مقدس اور قم میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم ہائے مطہر میں جشن کے مرکزی اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ہے-

  تین شعبان المعظم اسلام اور شریعت کے عظیم پاسدار حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کا دن ہے جنھوں نے اپنی بے مثال قربانیوں سے پوری دنیا کو حریت وآزادی کا درس دیا۔

اسی مناسبت سے اس دن کو بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے یوم پاسدار قرار دیا تھا تاکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کا درس حریت و عزت اور بصیرت سبھی کے لئے اور خاص طور پر سپاہ پاسداران کے لئے ہمیشہ ایک اسوہ و نمونہ قرار پائے-

ایران کی سپاہ پاسداران بھی اسلامی انقلاب اور اسلامی جمہوری نظام کی حفاظت کے میدان میں ایک ناقابل تسخیر قوت کا نام ہے جو ایران کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

دوسری جانب کربلائے معلی میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا جشن ولادت باسعادت  انتہائی پرشکوہ انداز میں منایا جا رہا ہے جہاں عراق اور دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ پاکستان اور ہندوستان کے زائرین کی بھی بہت بڑی تعداد موجود ہیں-

کربلائے معلی میں اس عظیم الشان جشن میں شریک لاکھوں عاشقان حسینی کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں-

پاکستان اور ہندوستان میں بھی جگہ جگہ سید الشہدا کا جشن ولادت باسعادت منایا جا رہا ہے اور ہر طرف محفلوں اور درود و سلام کی گونج سنائی دے رہی ہے-

 

ٹیگس