May ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  • امریکی صدر ٹرمپ قابل اعتماد نہیں : ایران

اقوام متحدہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے امریکی صدر کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے کے دعوے پر رد عمل دکھاتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ قابل اعتماد نہیں ہیں۔

اقوام متحدہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے امریکی نیوز چینل این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے اس ٹیلی ویژن چینل کے اینکر پرسن کے اس سوال کے جواب میں کہ کیا ایران مذاکرات کی میز پر بیٹھ جائے گا کہا کہ جہاں تک ایران سے بات چیت کرنے کی صدر ٹرمپ کی تجویز ہے تو سب سے پہلے انہیں یہ بتانا ہوگا کہ وہ پہلے خود کیوں مذاکرات کی میز چھوڑ کر گئے۔

مجید تخت روانچی  کا کہنا تھا کہ  ایران تو جوہری معاہدے کے تمام فریقیوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بشمول امریکہ کے ساتھ مشترکہ کمیشن میں مذاکرات کررہا تھا تاہم ٹرمپ اچانک اور یکطرفہ طور پر جوہری معاہدے سے نکل گیا۔

ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ اس بات کی کیا کو‎ئی ضمانت دے سکتا ہے کہ ٹرمپ ایک بار پھر مذاکرات کی میز کو ترک  نہ کرے اس لئے کہ بہ ظاہر ٹرمپ عالمی قوانین کو نہیں مانتا اور اس کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

 اقوام متحدہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے کہا  کہ ہم ہرگز جوہری ہتھیاروں کے پیچھے نہیں تاہم لگتا ہے ڈونلڈ ٹرمپ اس حقیقت سے لاعلم ہیں.

انہوں نے کہا کہ عالمی جوہری ادارے کی 14 رپورٹس میں بار بار اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ایران جوہری معاہدے پر قائم ہے اور یہ رپورٹیں رہبرمعظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے فتوے کی تائید بھی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھ سے رابطہ کریں اور ایک اچھے سمجھوتے کے حصول کے لئے بات چیت کریں، ایسا سمجھوتہ جو انہیں اقتصادی مشکل سے نکالنے میں مدد دے۔

ٹرمپ نے دعوی کیا کہ وہ ایرانی حکام سے بہت کچھ نہیں مانگتے صرف اور صرف ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کی سمت نہ جائے۔

ٹیگس