May ۲۷, ۲۰۱۹ ۱۳:۴۴ Asia/Tehran
  • یوم علی(ع): ایران سمیت پوری دنیا میں مجالس غم و نوحہ و ماتم

مولی الموحدین امیرالمومنین حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے یوم شہادت پر ایران اسلامی سمیت پوری دنیا میں مجالس غم برپا ہیں جبکہ نجف اشرف میں لاکھوں عزادار و سوگوار نوحہ کناں اپنے امام کے حضور اشکوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

 عراق کے مقدس شہر نجف اشرف سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ مولائے متقیان حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے یوم شہادت پر لاکھوں عزادار عراق اور دنیا کے گوشہ وکنار سے وہاں پہنچے ہوئے ہیں اور اکیس رمضان المبارک جناب امیر کے یوم شہادت پر اپنے اپنے انداز میں مجالس غم  برپا اور نوحہ و ماتم کر کے مولائے کائنات کے مصائب کو یاد اور اشک غم بہا رہے ہیں۔ نجف اشرف کی فضا سوگوار و عزادار ہے اور ہرطرف سے نوحہ و ماتم کی صدائیں بلند ہیں-

لاکھوں کی تعداد میں عزاداروں نے حضرت علی علیہ السلام کے حرم مطہر میں شب شہادت میں جو شب قدر بھی تھی، مجالس و ماتم کر کے اعمال شب قدر انجام دیئے اور خدا وند عالم کے حضور راز و نیاز کیا اور امت اسلامیہ کی سربلندی نیز امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کی دعا کی-

مولائے کائنات کے یوم شہادت پر اسلامی جمہوریہ ایران پوری طرح سوگوار و عزادار ہے- ملک کا چپہ چپہ سیاہ پوش و عزادار ہے اور عمارتوں، گھروں اور سرکاری دفاتر پر سیاہ پرچم نصب کر دیئے گئے۔ اس موقع پر ایران میں عام تعطیل ہے-

مشہد مقدس سے اطلاعات ہیں کہ لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور مجاورین نے شب شہادت اور روز شہادت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں حاضری دے کر مجالس غم  میں شرکت کی اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کی۔

قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں بھی حضرت علی علیہ السلام کی شب شہادت اور یوم شہادت کے موقع پر ماتمی دستوں اور انجمنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے-

قم میں ایران کے مختلف شہروں اور دنیا کے الگ الگ ملکوں سے آئے ہوئے زائرین نوحہ وماتم میں مصروف ہیں- قم میں مقیم غیر ملکی طلبا خاص طور پر پاکستان اور ہندوستان کے طلبا نے اکیس رمضان المباک کی صبح جس وقت مولائے کائنات کی شہادت واقع ہوئی تھی، شبیہ تابوت برآمد کیا جو حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

تہران میں شاہ عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کے حرم اور بانی انقلاب اسلامی کے حرم میں بھی مرکزی مجالس کے اجتماعات منعقد ہوئے جبکہ حسینیہ امام خمینی میں بھی مرکزی مجلس عزا برپا ہوئی جس میں رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بھی شرکت کی-

پاکستان اور ہندوستان میں بھی یوم علی انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا-  

ٹیگس