May ۳۱, ۲۰۱۹ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • مسئلہ فلسطین سینچری ڈیل سے حل نہیں ہو گا، خطیب جمعہ تہران

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین سینچری ڈیل کے ذریعے حل نہیں ہو گا۔

جمعہ الوداع اور عالمی یوم قدس کے موقع پر تہران میں دسیوں لاکھ نمازیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے کہا کہ سینچری ڈیل یا کوئی بھی دوسرا اقدام جس میں فلسطینیوں کے جائز اور قانونی مطالبات کومد نظر نہ رکھا گیا ہو اور خاص طور پر جس منصوبے میں فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی اور ایک آزد فلسطینی مملکت کے قیام کے لئے آزادانہ انتخابات کی ضمانت نہ دی گئی ہو وہ کسی بھی صورت میں مسئلہ فلسطین کو حل نہیں کر سکے گا-

تہران کے خطیب جمعہ نے جمعہ الوداع کو عالمی یوم قدس اوراس دن کو یوم اسلام قرار دینے کے امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے اعلان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی نے فرمایا ہے کہ یوم قدس مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے  اور اسرائیلی حکومت اور بچوں کے قاتل اس کے حامیوں کے سیاہ کارناموں کو دنیا کے سامنے پیش کئے جانے کا بہترین ذریعہ ہے- حجت الاسلام کاظم صدیقی نے کہا کہ آج استقامت اور انتفاضہ مقبوضہ فلسطین کے چپے چپے میں اپنی جڑیں مضبوط کر چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ استقامتی محاذ نے صیہونیوں اور ان کے حامی منحوس تکون امریکا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دلوں پر لرزہ طاری کر دیا ہے-

حجت الاسلام کاظم صدیقی نے کہا کہ یوم قدس گذشتہ چالیس برسوں سے غاصب صیہونی حکومت سے عالم اسلام کے  اظہار نفرت و بیزاری کے پلیٹ فارم میں تبدیل ہو چکا ہے-

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کے بارے میں شعور و آگاہی کا دائرہ آج علاقے سے باہر تک پھیل چکا ہے اور فلسطینیوں کے مطالبات کو پورا کرنے کے تعلق سے عالمی سطح پر زمین ہموار کر رہی ہے-

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ موجودہ صدی کمزور قوموں کی سامراجی طاقتوں پر فتح و کامیابی کی صدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب صرف ایران سے مخصوص نہیں ہے بلکہ پوری دنیا کے مسلمان ایران کے اسلامی انقلاب کے پرچم تلے  جمع ہو جائیں گے-

ٹیگس