Jun ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran

اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح کی تیسویں برسی ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں میں منائی جا رہی ہے۔ امام خمینی رح کی برسی کا مرکزی پروگرام آج شام جنوبی تہران میں بانی انقلاب اسلامی کے مرقد مطہر پر منعقد ہو رہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی اور اس صدی کے عظیم انقلابی رہنما حضرت امام خمینی رح کی تیسویں برسی کے موقع پر دنیا بھر میں کانفرنسیں، سیمینار اور مجالس ترحیم کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں شریک مقررین حضرت امام خمینی رح کی سامراج مخالف جدوجہد اور اسلامی حکومت کے قیام کی عظیم تحریک کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
عراق، شام، لبنان، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں میں منعقدہ برسی کے مخصوص پروگراموں، کانفرنسوں اور سیمیناروں میں حضرت امام خمینی رح کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
ایران کے مختلف شہروں میں بھی امام خمینی رح کی برسی کے موقع پر مختلف اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ برسی کا مرکزی پروگرام دارالحکومت تہران کے جنوب میں واقع امام خمینی رح کے مرقد مطہر پر منعقد ہو گا جس میں لاکھوں عقیدت مند شرکت کریں گے۔
اس موقع پر ایران کے اعلی سول اور فوجی حکام کے علاوہ ایران میں مقیم غیر ملکی سفرا اور بیرون ملک سے آنے والے مہمان بھی موجود ہوں گے جبکہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اس عظیم الشان اجتماع سے خطاب فرمائیں گے۔
برسی کے پروگرام کی کوریج کے لئے ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے سیکڑوں صحافی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔
امام خمینی رح نے سن انیس سو ترسٹھ میں ایران کی ظالم شاہی حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کیا جس کے بعد اکتوبر انیس سو چونسٹھ میں شاہی حکومت نے آپ کو پہلے ترکی اور اس کے بعد عراق جلا وطن کر دیا۔
آپ نے اپنی جلا وطنی کے تیرہ سال عراق میں بسر کیے اور اس دوران شاگردوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ شاہی حکومت کی اصلیت اور ایران میں امریکہ کے ناجائز اقدامات کا پردہ فاش کرتے رہے۔ آپ نے اپنے اعلامیوں اور تحریری بیانات نیز پیغامات کے ذریعے ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کا راستہ ہموار کیا۔
آخر کار آپ کی جدوجہد کے اوج پر پہنچنے اور عراق سے فرانس جلاوطن ہونے اور پھر فاتحانہ طریقے سے ایران واپسی کے بعد، فروری انیس سو اناسی میں اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد کے برسوں میں، انقلاب کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کی تمام تر سازشوں کے باوجود اور خاص طور پر عراق کی بعثی حکومت کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کے سخت اور دشوار حالات میں بھی آپ پوری درایت اور بہادری کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کرتے رہے۔
آج سے اکتیس سال قبل چار جون انیس سو نواسی کو رہبر کبیر انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح جد وجہد سے بھرپور اپنی ستاسی سالہ حیات بسر کرنے کے بعد داعی اجل کو لبیک کہتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔

 

ٹیگس