Jun ۰۷, ۲۰۱۹ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران مخالف پابندیوں کے باوجود، روس ایران کے ساتھ

روس کے صدر نے کہا ہے کہ روس، ایران جوہری معاہدے کی کامیابیوں کے تحفظ کا خواہاں ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے نیوز ایجنسیوں کے سربراہوں کے ساتھ  ہونے والی ملاقات میں کہا کہ روس، ایران جوہری معاہدے کی کامیابیوں کے تحفظ کا خواہاں ہے۔

روسی صدر نے ایران کے خلاف ہر طرح کے دباؤ کو غیر تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا اور روس موجودہ مسائل کو ڈپلومٹیک طریقے اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لئے اپنی ساری صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گا۔

ولادیمیر پوتین کا کہنا  تھا کہ ایران، روس کا ہمسایہ ملک اور علاقائی اور حتی کہ بین الاقوامی معاملات میں روس کا شراکت دار ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ ایران مخالف پابندیوں کے باجود، روس ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کو سنجیدگی سے لیتا ہے اور ہمیشہ اپنے کیے گئے وعدوں پر قائم رہے گا۔

ولادیمیر پوتین نے مزید کہا کہ امریکی فوج کا بجٹ 700 ارب ڈالر ہے اور وہ دنیا کی سب سے بڑی فوج ہے جس کا دفاعی بجٹ ساری دنیا کے ممالک کا دفاعی بجٹ سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عقیدہ یہ ہے کہ ہمیں دوسروں کے ساتھ احترام پر مبنی برتاؤ کرنا  چاہئیے اور ہم امریکیوں اور امریکی صدر کے ساتھ احترام پر مبنی سلوک کرتے ہیں لیکن اس بات کا مطلب یہ نہیں کہ ہم سارے معاملات کے حوالے سے ان کے فیصلوں اور اقدامات سے اتفاق کرتے ہیں۔

روسی صدر نے وینزویلا کے اندرونی بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ روس، وینزویلا میں امریکی اقدامات کا مخالف ہے۔

ولادیمیر پوتین نے کہا کہ ایران کے بارے میں روس کا موقف شفاف اور واضح ہے اور ہم امریکہ کو اس قسم کا رویہ اپنانے سے دور رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے ذریعے حالیہ برسوں میں حاصل کیے گئے مثبت نتایج ضائع نہ ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی نے بارہا جوہری معاہدے کے حوالے سے ایران کی شفاف کارکردگی کی تصدیق کی ہے۔

ولادیمیر پوتین نے کہا کہ شاید بعض ممالک، ایران کے میزائل پروگرام سمیت خطے یا روس میں اس کے اقدامات پر تنقید کریں یا کہ اس حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کریں لیکن ماسکو کے نقطہ نظر میں یہ سارے معاملات، ایران جوہری معاہدے سے الگ ہیں اور ہمیں اس بات کو نہیں بھولنا چاہیے کہ ایران، روس اور ترکی کی کوششوں سے ہم نے شام میں خونریزی کا خاتمہ کیا اور اسلامی جمہوریہ ایران نے اس حوالے سے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔

ٹیگس