Jun ۱۷, ۲۰۱۹ ۲۲:۰۵ Asia/Tehran
  • غیر ملکی سائبرنیٹ ورک پر ایرانی انٹیلی جینس کی کاری ضرب

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف سائبر حملے کا منصوبہ بنانے والے ایک بڑے نیٹ ورک کا پتہ لگا کر اسے تباہ کر دیا گیا۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر کے اس بیان کے ردعمل میں کہ واشنگٹن دیگر ملکوں پر سائبر حملے کی تیاری کر رہا ہے، کہا کہ کچھ دنوں قبل ایران کے خفیہ اداروں نے سی آئی اے کےایک انتہائی پیچیدہ سائبر نیٹ ورک کا پتہ لگا کر اس کو تباہ کر دیا تھا-

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا کہ امریکا کی جاسوسی کی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کی تشکیل کے دائرے میں ایران اور دیگر ملکوں کے تعاون کے پیش نظر ایران نے سی آئی اے کے سائبر نیٹ ورک کا پتہ لگانے کے بعد اس سے متعلق معلومات اپنے دوست اور شریک ملکوں کو فراہم کر دیں-

انہوں نے کہا کہ ایران کے اس اقدام کے نتیجے میں سی آئی اے کے خفیہ افسران کا نیٹ ورک تباہ ہو گیا اور دنیا کے مختلف ملکوں میں اس نیٹ ورک سے وابستہ بہت سے افراد کو گرفتار کر لیا گیا-

علی شمخانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکیوں نے ایران کے اس اقدام کو انٹیلی جینس کے میدان میں امریکا کی ذلت آمیز شکست کا نام دیا ہے، کہا کہ دیگر ملکوں پر سائبر حملہ فوجی حملے کا دوسرا رخ ہے اس لئے امریکا کو اپنے اس اقدام پر بین الاقوامی اداروں میں جواب دہ ہونا پڑے گا-

اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کا ضامن ہے، کہا کہ ایران نے کشیدگی کو کم کرنے کے لئے ہمسایہ ملکوں کو متعدد تجاویز پیش کیں لیکن ہر بار مشکوک اقدام کے بہانے گفت و شنید کے عمل میں خلل واقع ہو جاتا ہے اور پھر امریکا کی مداخلت کی وجہ سے یہ فاصلہ اور زیادہ بڑھ جاتا ہے-

 

ٹیگس