Jun ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۱:۱۸ Asia/Tehran
  • امریکی صدرٹرمپ امن و سلامتی کے تمام عالمی اقدامات کو پاوں تلے روندنے کے درپے: ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد کی جانے والی نئی پابندیوں پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدرٹرمپ امن و سلامتی کے تمام عالمی طور طریقوں کو برباد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے منگل کے روز امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس طریقے سے تمام سفارتی راستوں کو ہمیشہ کیلئے بند کرنا چاہتا ہے۔

امریکی صدرٹرمپ نے پیر کے روز ایک فرمان پر دستخط کر کے ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا فرمان جاری کیا۔

امریکی صدر کے اس اقدام کے بعد امریکی وزیر خزانہ اسٹیو منوچین نے ایران کے خلاف معاندانہ اقدامات جاری رکھتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے دفتر اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے 8 کمانڈروں من جملہ سپاہ کی بحریہ کے کمانڈر جنرل تنگسیری، سپاہ کی بری فوج کے سربراہ جنرل محمد پاکپور اور سپاہ کی فضائیہ کے سربراہ جنرل امیرعلی حاجی‌زاده پر پابندیاں عائد کیں۔

امریکی وزیر خزانہ اسٹیو منوچین نےآئندہ ہفتہ سے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پر بھی پابندی عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔

 ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد اور تکراری الزامات کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایران کو ایٹمی ہتھیار نہیں بنانے دیں گے جبکہ ایران پہلے سے ہی ایٹمی ہتھیاروں کی تلاش میں نہیں ہے اور مشترکہ ایٹمی معاہدہ اس بات کا ٹھوس اور واضح ثبوت ہے اور ایٹمی ہتھیاروں کی پیداوار کی ممنوعیت کے سلسلے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کا فتوی بھی موجود ہے ۔

واضح رہے کہ امریکہ کی نئی پابندیاں مضحکہ خیز اور نفسیاتی جنگ کا حصہ ہیں کیونکہ ان میں بعض پابندیاں پہلے سے عائد کی جاچکی ہیں۔ اور ایران کے خلاف امریکہ کی تمام پابندیاں غیر مؤثر اور ناکام ہوچکی ہیں کیونکہ ایران نے امریکی پابندیوں کے باوجود خاطر خواہ ترقی اور پیشرفت کی ہے اور آج ایران امریکی پابندیوں کے باوجود دفاعی پیداوار کے لحاظ سے اپنے پاؤں پر کھڑا ہے۔

ٹیگس