Jun ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۹:۲۷ Asia/Tehran
  • سردشت پر کیمیائی بمباری زمانے کی تاریخ پر کلنگ کا ٹیکہ ہے، محمد جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایک پیغام میں شمال مغربی ایران کے شہر سردشت پر کیمیائی بمباری کو تاریخ کے ماتھے پر کلنگ کا ٹیکہ قرار دیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعے کے روز اپنے ایک پیغام میں جو سردشت پر کیمیائی بمباری میں شہید ہونے والوں کی بتّیسویں برسی کی مناسبت سے پڑھ کر سنایا گیا، کہا ہے کہ عراق کی صدام حکومت کی جانب سے مسلط کردہ جنگ میں ایران کے فوجیوں اور عام شہریوں اور خاص طور سے سردشت کے نہتھے عوام کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا دن کہ جس پر بین الاقوامی اداروں اور خاص طور سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خاموشی اختیار کئے رکھی، مقدس دفاع کی تاریخ میں المناک ترین ایام میں سے ایک ہے اور اس ہولناک و وحشیانہ ترین جرم کا ارتکاب کرنے والوں کی پیشانی پر کلنگ کا یہ ٹیکہ ہمیشہ لگا رہے گا۔

اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مہلک ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں شرعی و قانونی نیز اخلاقی قوانین اور اصولوں کے پیش نظر،  کسی بھی طرح کی صورت حال میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کی اصولی پالیسی پر تاکید کی ہے اور کیمیائی ہتھیاروں کے کنوینشن کی شقوں پر بلاتفریق مکمل طور پر عمل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ غیر انسانی پابندیوں اور اقتصادی دہشت گردی سے متعلق امریکی وطیرہ، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متاثرہ ایرانی جانثاروں کے لئے ضرورت کی دوائیں اور میڈیکل آلات و وسائل کی تیاری میں اہم ترین مسائل و مشکلات کا باعث بنا ہے اور حکومت امریکہ کا یہ اقدام، انسان دوستانہ بین الاقوامی قوانین و اصول اور کیمیائی ہتھیاروں کے کنوینشن کی ماہیت نیز اس کنوینشن سے متعلق امریکی وعدوں اور اسی طرح بین الاقوامی قوانین و ضابطے کے خلاف ہے۔

عراق کی اس وقت کی بعثی ظالم صدام حکومت نے اٹھائیس جون سن انّیس سو ستاّسی کو سردشت کے چار پرہجوم علاقوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے شدید کیمیائی بمباری کر دی تھی جس میں اس علاقے کے ایک سو انّیس افراد شہید اور آٹھ ہزار سے زائد دیگر کیمیائی مواد سے بری طرح متاثر ہو گئے تھے۔

ٹیگس