Jul ۰۲, ۲۰۱۹ ۱۹:۱۴ Asia/Tehran
  • ایرانیوں نے دشمن کے مقابلے میں ہمیشہ استقامت دکھائی ہے

ایران کے اسپیکر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران کے عوام نے دشمنوں کے مقابلے میں ہمیشہ پائیدار استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔

ایران کے مسافر طیارے پر امریکی بحری بیڑے کے حملے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران کے عوام امریکہ کے مجرمانہ اقدامات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگست انیس سو ترپن میں عوامی حکومت کے خلاف بغاوت، عراقی ڈکٹیٹر صدام کی ایران کے خلاف جنگ اور خلیج فارس میں ایران کے مسافر طیارے پر حملے سمیت امریکہ کے تمام جرائم ایرانی عوام کے ذہنوں پر نقش ہیں۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے امریکی پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سمجھ رہے ہیں دھمکیوں کے ذریعے ایرانی عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے یا ایران کو اندرونی طور پر الجھایا جاسکتا ہے جو ان کی بھول ہے۔

ایران کے اسپیکر نے کہا کہ امریکیوں کی اصل مشکل یہ ہے کہ وہ نہ صرف مغربی ایشیا کے حالات کو صحیح طور پر درک کرنے کے قاصر نہیں ہیں بلکہ ایرانی تہذیب و تمدن کی گہرائیوں سے بھی ناواقف ہیں۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ یہ امریکیوں کی غلط فہمی ہے کہ خطے میں بحری بیڑے بھیج کر کسی ملک کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرسکتے ہیں انہوں نے مغربی ایشیا کے خطے میں امریکہ کی ناکامیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایران کے خلاف علاقائی اور عالمی اتحاد قائم کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگادیا ہے لیکن اسے ناکامی کا منھ دیکھنا پڑا۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی بحری بیڑے کے میزائل حملے میں شہید ہونے والے ایران ایئر کے طیارے کے مسافروں کی یاد میں اس پروگرام کا انعقاد تہران میں کیا گیا۔

تین جولائی انیس سو اٹھاسی کو ایران کے مسافر طیارے نے بندر عباس سے دبئی کے لیے اڑان بھری تھی مگر خلیج فارس پر پرواز کے دوران امریکی بحری بیڑے یوایس ایس ونسنس سے داغے جانے والے دو میزائیلوں کا نشانہ بن کر تباہ ہوگیا تھا۔

امریکہ کے اس وحشیانہ حملے میں طیارے میں سوار تمام دو سو نوے مسافر اور عملے کے افراد شہید ہوگئے تھے۔ جن میں چھیاسٹھ بچے اور ترپن خواتین تھیں۔ طیارے میں چھیالیس غیر ملکی شہری بھی سوار تھے۔

ٹیگس