Jul ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۱:۲۴ Asia/Tehran
  • دہشت گرد گروہ منافقین کے ساتھ امریکہ کے قریبی رابطے :مجید تخت روانچی

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے کہا کہ امریکہ کا دہشت گرد گروہ منافقین کے ساتھ قریبی روابط ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے مجید تخت روانچی نے امریکہ ، یورپ اور بعض علاقائی ممالک کی طرف سے دہشت گرد گروہ منافقین کے ساتھ تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور بعض علاقائی اور یورپی ممالک ایران میں عدم استحکام پیدا کررہے ہیں۔

ایرانی نمائندے  نےاقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے اب تک ایران میں 17 ہزار سے زائد شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا اور دہشت گردی کانشانہ بننے والوں میں ایران کے سابق صدر، وزیر اعظم ، عدلیہ کے سربراہ ، ایرانی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ، پارلیمنٹ کے 27 نمائندے اور 4 ایٹمی ماہرین بھی شامل ہیں۔

تخت روانچی نے کہا کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور منافقین کے درمیان گہرا تعاون جاری ہے۔ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک دنیا بھر میں دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں اور انھیں کوئی کچھ کہنے والا نہیں۔

ایرانی نمائندے  کا کہنا تھا کہ دہشت گرد گروہ منافقین نے ایران میں ہزاروں عام شہریوں کو اپنی دہشت گردی اور بربریت کا نشانہ بنایا ہے اور اس قسم کی کارروائیوں میں انھیں امریکہ ، یورپ اور ان کے اتحادی عرب ممالک کی حمایت حاصل ہے۔

ٹیگس

کمنٹس