Jul ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۱ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کے دائرے میں ایران کے جوابی اقدامات جاری رہیں گے، علی شمخانی

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ یورپی ملکوں کی وعدہ خلافیوں کے مقابلے میں ایٹمی معاہدے کے دائرے میں ایران کی جانب سے اپنے وعدوں سے پسپائی کا عمل بدستور جاری رہے گا اور جب تک ایران کے حقوق کو بحال نہیں کیا جاتا ایٹمی معاہدے کی چھبیسویں اور چھتیسویں شق کی بنیاد پر ردعمل کے طور پر ایران کے اقدامات جاری رہیں گے۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے بدھ کے روز تہران میں فرانس کے صدر کے سفارتی امور کے مشیر امانوئل بون سے گفتگو میں یورپی ملکوں کی جانب سے ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں اپنے وعدوں پر عمل نہ کئے جانے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکطرفہ اقدامات پر عمل کا دور اب ختم ہو چکا ہے اور ایران نے اس بات کا ٹھوس فیصلہ کیا ہے کہ اب معاہدے پر عمل، مقابل فریق کے عمل میں لائے جانے والے اقدامات کے مطابق ہو گا۔
انھوں نے ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی امریکی پالیسی کو شکست خوردہ قرار دیا اور کہا کہ ایران نے عملی طور پر اس بات کو ثابت کیا ہے کہ وہ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں بھرپور توانائی، انتظامی امور کی مکمل صلاحیت اور مسائل و مشکلات کا مقابلہ کرنے کی پوری ظرفیت رکھتا ہے اور ایسی صفات کے حامل ملک سے کوئی بھی ملک منھ زوری سے بات نہیں کر سکتا۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا کہ امریکہ نے اس وقت یورپ کی آزادی کو یرغمال بنا رکھا ہے بنابریں یورپی ملکوں کو چاہئے کہ اپنی آزادی و تشخص کے دفاع کے لئے امریکہ کی انانیت و ہٹ دھرمی کے مقابلے میں ڈٹ جائیں۔
اس ملاقات میں فرانس کے صدر کے سفارتی امور کے مشیر امانوئل بون نے بھی کہا کہ وہ ثالث کی حیثیت سے اور یا امریکہ کی جانب سے ایران کے لئے کوئی پیغام لے کر تہران کے دورے پر نہیں آئے ہیں۔
انھوں نے مختلف قسم کے دباؤ کے مقابلے میں ایران کی استقامت کی توانائی سے، جو گذشتہ چالیس برسوں کے دوران مختلف طرح کی پابندیوں کا سامنا کئے جانے سے ثابت بھی ہو چکی ہے، فرانس کی آگاہی پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اقدامات کے باوجود گذشتہ بیس برسوں کے دوران علاقائی و بین الاقوامی مسائل و معاملات میں ایران کی طاقت و توانائی، اثرورسوخ اور مقام و پوزیشن نیز وقار میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔
فرانس کے صدر کے سفارتی امور کے مشیر امانوئل بون نے کہا کہ علاقے میں ایران کے ناقابل انکار کردار اور اثرورسوخ کے پیش نظر ان کا ملک، شام، یمن، عراق اور لبنان میں بحرانوں کو نمٹانے کے سلسلے میں ایران کے ساتھ تعاون و مذاکرات کا خواہاں ہے۔

ٹیگس