Jul ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • حضرت امام علی رضا ع کا یوم ولادت

گیارہ ذی القعدہ آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے فرزند رسول حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کا یوم ولادت با سعادت ہے۔ اسی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن و قصیدہ خوانی کی محفلیں سجی ہوئی ہیں۔

اسی مناسبت سے ایران کے مختلف شہروں خاص طور سے مقدس شہروں مشہد و قم کی سڑکوں اور تمام مقدس و مذہبی مقامات کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور ہر طرف محفل میلاد اور قصیدے خوانی کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ شربت اور مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں نیز علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام رضا علیہ الصلوات و السلام کے فضائل بیان کر رہے ہیں۔

مشہد مقدس میں آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ الصلوات و السلام کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے حرم رضوی نورو سرور اور جشن و خوشی میں ڈوبا ہوا ہے۔

مشہد مقدس میں فرزند رسول ص حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے حرم رضوی میں اتوار کی صبح پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس پر مسرت موقع پر حرم مطہر رضوی نور و سرور اور جشن و خوشی میں ڈوبا ہوا ہے اور زائرین اور مجاورین " رضا یا رضا " کا زمزمہ کر رہے ہیں اور اشک شوق بہا رہے ہیں۔

اسی مناسبت سے حرم رضوی میں مخصوص پروگرام پیش کئے جارہے ہیں جس میں قیصدہ خوانی اور تقریریں شامل ہیں ۔ قرآنی مقابلوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

مشہد مقدس اس وقت زائرین اور عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت سے چھلک رہا ہے اور ہر طرف جشن و سرور کا سماں ہے، حرم مطہر کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ چراغاں کیا گیا ہے، ہر طرف نور ہی نور اور خوشی ہی خوشی ہے۔

دنیا کے دوسرے ممالک خاص طور سے عراق، شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان، بحرین، یمن اور دیگر ملکوں کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے جشن و سرور کا سلسلہ جاری ہے۔

ایران میں یکم ذی القعدہ جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت سے گیارہ ذی القعدہ حضرت امام رضاعلیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت تک کے ایام کو عشرہ کرامت کے طور پر منایا جارہا ہے۔

ٹیگس

کمنٹس