Jul ۱۹, ۲۰۱۹ ۲۲:۲۹ Asia/Tehran

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جمعے کی رات ڈرون کے ذریعے امریکی جنگی بیڑے پر نظر رکھنے کا ویڈیو جاری کرکے آبنائے ہرمز میں ایران کے ایک ڈرون طیارے کی سرنگونی پر مبنی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کے جھوٹا ہونے کا ثبوت پیش کر دیا۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کی شب دعوی کیا ہے کہ امریکی بحری بیڑے یوایس ایس بکسر نے ایک ایرانی ڈرون طیارے کو مار گرایا ہے جو بقول ان کے مذکورہ امریکی بحری بیڑے کے قریب آگیا تھا۔

سپاہ پاسدارن کے شعبہ رابطہ عامہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ ملک کی مسلح افواج کی نگرانی میں سپاہ پاسداران کے ائیرو اسپیس شعبے نے  اپنے وظیفہ پر عمل کرتے ہوئے امریکی جنگی بیڑے یو ایس ایس باکسر اور پانچ کشتیوں کے آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کے بعد سے ہی تین گھنٹے مسلسل نظر رکھی اور اس دوران ملک کے ڈرون طیاروں نے امریکا کی دہشت گرد فوج کی جانب سے کسی بھی طرح کے اشتعال انگیز اقدامات کا مشاہدہ نہیں کیا ۔

سپاہ پاسداران کی جانب سے جاری بیان میں آبنائے ہرمز میں امریکی ڈرون طیارے کی سرنگونی پر مبنی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹویٹ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جلد ہی امریکی جنگی بیڑے کی ویڈیو اور تصاویر ثبوت کے طور پر پیش کی جائے گی ۔    

اس سے پہلے ایران کے نائب وزیر خارجہ نے طنزیہ لہجے میں کہا تھا کہ کہیں ایسا تو نہیں ہے کہ امریکا نے غلطی سے اپنا ہی ڈرون طیارہ مار گرایا ہو۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی بحریہ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون کو گرانے کے ٹرمپ کے دعوے کے ردعمل میں ایک ٹوئٹ میں دنیا کے نقشے کو شائع کیا جس میں ایران اور امریکہ کی جغرافیائی سرحدوں اور ساتھ ساتھ آبنائے ہرمز کے محل وقوع کو دکھایا گیا ہے۔

 

ٹیگس