Jul ۲۱, ۲۰۱۹ ۲۱:۰۸ Asia/Tehran
  • دنیا کو امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں ڈٹ جانا چاہیے، ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی خود سرانہ پالیسیوں اور عالمی قوانین کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے مسئلہ فلسطین شدت اختیار کر گیا ہے۔

 وینیزویلا کے دارالحکومت کراکاس میں ناوابستہ تحریک کی، فلسطین کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے جیسے امریکہ کے شرپسندانہ اقدامات نے صورتحال کو مزید بحرانی بنا دیا ہے۔
 ایران کے وزیرخارجہ نے خطے کے بعض ملکوں کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیوں کی حمایت کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صیہونی منصوبہ سینچری ڈیل، فلسطینیوں اور ساری دنیا کے عوام کی نظر میں ناقابل قبول اور ناقابل عمل ہے۔
 انہون نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو صرف غاصبانہ قبضے اور نسل پرستانہ نظام کے ختم اور ایک مکمل فلسطینی حکومت کے قیام کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔
 ایران کے وزیر خارجہ نے ناوابستہ تحریک کے رکن ملکوں اور دیگر ہم خیال اداروں نیز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کی مخاصمانہ پالیسیوں کے مقابلے میں ڈٹ جائیں۔

ٹیگس