Aug ۰۸, ۲۰۱۹ ۲۰:۲۲ Asia/Tehran
  • علاقے میں بدامنی کی وجہ امریکہ ہے، ایرانی وزیر دفاع

ایران کے وزیر دفاع نے قطر، کویت اور عمان کے وزرائے دفاع سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہازرانی کو تحفظ فراہم کرنے کے بہانے امریکہ جس اتحاد کو تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے وہ علاقے میں بدامنی بڑھنے کاباعث بنے گا۔

ایران کی وزارت دفاع کے دفتر تعلقات عامہ کے مطابق وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے قطر، کویت اور عمان کے وزرائے دفاع سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے امریکہ کو علاقے میں بدامنی کی وجہ قرار دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ علاقے کی سلامتی کا تعلق ایران اور خلیج فارس کے پڑوسی ملکوں سے ہے اور اس سلسلے میں علاقے کے ممالک کو ہی تعمیری مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے۔
ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کا فروغ ایران کی خارجہ اور دفاعی پالیسیوں کا بنیادی اصول ہے اور علاقے کے کسی بھی ملک کے خلاف کوئی بھی خطرہ، ایران کے لیے ناقابل قبول ہے اور ایران، علاقے کو اغیار کا ٹھکانہ بنائے جانے کے خلاف ہے۔
ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں قطر کے نائـب وزیر اعظم اور دفاعی امور کے وزیر مملکت خالد بن محمد بن عبداللہ العطیہ نے بھی تاکید کے ساتھ کہا کہ علاقے کی سلامتی کا تحفظ علاقے کے ملکوں کے ذریعے ہی ہونا چاہئے اور اسلامی جمہوریہ ایران، خلیج فارس میں امن و سلامتی اور اس کے تحفظ کے حوالے سے نہایت اہم ملک ہے۔
کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ ناصر صباح الاحمد الصباح نے بھی ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں توسیع سے متعلق اپنے ملک کی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو علاقائی امن و استحکام کے تحفظ میں اہم مقام حاصل ہے۔
عمان کے وزیر دفاع بدر بن سعود بن حارب البوسعیدی نے بھی ایران کے وزیر دفاع کے ساتھ ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں علاقے کی سلامتی کے تحفظ میں علاقائی ملکوں کی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا اور دونوں ملکوں کے درمیان جاری قریبی تعاون و ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں امن کے تحفظ کے لئے خاص طور سے ایران اور عمان کی بحریہ کے درمیان تعاون و ہم آہنگی کو خاص اہمیت کا حامل قرار دیا۔

ٹیگس