Aug ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۸:۴۱ Asia/Tehran
  • ایران یمن کی تقسیم کے خلاف ہے، ترجمان وزارت خارجہ

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے یمن کے بارے میں کہا ہے کہ ایران نے ہمیشہ متحدہ یمن کی حمایت کی ہے اور متحدہ یمن کی حفاظت کرنا یمن کے تمام عوام کی ذمہ داری ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ سید عباس موسوی نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا  اتحاد کہ جس میں ان کے آلہ کار ممالک اور پٹھو حکومتیں بھی شامل ہیں، جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال اور بے گناہ عوام کا قتل عام نیز اس ملک کو تباہ و برباد کر کے بھی یمنی عوام کا عزم تبدیل نہیں کرسکا ہےایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اب یہ ممالک اور ان کے اتحادی، یمن کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سید عباس موسوی نے جارح ملکوں کے مقابلے میں یمنی عوام کی استقامت اور جذبہ ایثار کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یمن پر جارحیت بند اور یمنی گروہوں میں مذاکرات کے ذریعے مسائل و مشکلات پر قابو پا کر اس ملک میں ایک وسیع البنیاد حکومت قائم کی جا سکتی ہے۔

پچھلے دنوں جنوبی یمن کے شہر عدن کے جنوب میں واقع کریتر نامی علاقے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پراکسی وار کے نتیجے میں دونوں فریقوں کے افراد کے علاوہ ایک بڑی تعداد میں یمنی  شہری بھی مارے گئے ہیں۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے اتحادیوں کے درمیان یہ لڑائی، یکم اگست کو شروع ہو‏ئی ہے اس لڑائی کے نتیجے میں سیکڑوں یمنی گھرانے عدن میں محصور ہیں جو سخت حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

ٹیگس