Aug ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۰:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران اپنے دفاع کے لئے کسی سے وابستہ نہیں : جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران نے امریکہ کے جدید ترین ڈرون کو ملکی ساخت کے ہتھیار سے مار گرایا اور اس سے واضح ہو گیا کہ ایران اپنے دفاع کیلئے کسی سے وابستہ نہیں ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ناروے میں مقیم ایرانی کیمونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے 40 ارب ڈالر کے ہتھیار خریدنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی سرزمین کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں دے گا۔

محمد جواد ظریف نے ایران کے خلاف امریکہ اور یورپ کی دوغلی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک جانب ایران پر اقتصادی، تجارتی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں پابندی عائد کر کے دباو ڈالنے کی کوشش کی اور دوسری جانب مذاکرات کے من گھڑت دعوے کر رہے ہیں جبکہ در اصل وہ پابندیوں کے ذریعے ایرانی عوام کے حقوق کو ضایع کر رہے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے منہ زوری کی پالیسی کے تحت جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کی اور ایرانی قوم کے خلاف اقتصادی دہشت گردی شروع کر رکھی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے لئے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں شیعہ، سنی،عرب، کرد اور فارس وغیرہ میں کوئی فرق نہیں ہے اور ایران نے اس موضوع میں علاقے کے تمام اقوام کی مدد کی ہے۔

ٹیگس