Sep ۰۵, ۲۰۱۹ ۱۶:۰۷ Asia/Tehran
  • امریکہ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے کہا ہے کہ امریکہ کی ایران پالیسی ناکام رہے گی اور اسے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی وزارت خارجہ کے ایران ایکشن گروپ کے سرغنہ برایان ہک کے بیان پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف مخاصمانہ بیانات اور مایوسانہ اقدامات میں شدت اور اس سے بھی زیادہ مضحکہ خیز یہ کہ خیانت اور جاسوسی کرنے والوں کے لیے انعامات کا تعین، ایرانی عوام پر اثر ڈالنے میں ناکامی اور مایوسی کی علامت ہیں۔

سید عباس موسوی نے کہا کہ یہ اقدامات بھی ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کے دوسرے گھناؤنے اقدامات کی فہرست میں ایک اور سیاہ ورق کا اضافہ ہے اور واشنگٹن کو تہران کے جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی وزارت خارجہ کے ایران ایکشن گروپ کے سرغنہ برایان ہک نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف بدھ سے نئی پابندیاں ‏عائد کردی گئی ہیں اور مزید پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

برایان ہک نے ایرانی عوامی کے خلاف حکومت امریکہ کی دشمنی کا ایک بار پھر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کا سلسلہ جاری رکھنے کا عہد کر چکا ہے اور کسی قسم کی رعایت یا چھوٹ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواڈ ظریف نے کہا ہے کہ  بحری قزاقی میں ناکام ہونے کے بعد امریکہ باج گیری پر اتر آیا ہے۔ جواد ظریف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ایرانی تیل بردار بحری جہاز کے کیپٹن کو امریکہ کی جانب سے بھاری رشوت کی پیشکش کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانی تیل امریکہ لے آؤ لاکھوں ڈالر حاصل کرو بصورت دیگر تم پر بھی پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ امریکہ کا یہ رویہ اسی دعوت کی مانند ہے جو چند ہفتے پہلے اسے واشنگٹن سے موصول ہوئی تھی گویا یہ طریقہ کار اب ایک رسم میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔

روزنامہ فائنانشل ٹائمز کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ایران ایکشن گروپ کے سرغنہ برایان ہک نے ایرانی تیل بردار بحری جہاز آدریان دریا کے ہندوستانی کیپٹن اکھلیش کمار کو جہاز ضبط کرانے کے بدلے لاکھوں ڈالر کی پیشکش کی ہے۔

مذکورہ جریدے نے لکھا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی تیل بردار بحری جہاز کے ہندوستانی کیپٹن کو پیشکش کی ہے کہ وہ جہاز امریکہ کے حوالے کردیں تو کئی لاکھ ڈالر کا انعام انہیں دیا جائے گا۔ایرانی بحری جہاز کے کیپٹن کی جانب سے امریکہ کے ساتھ تعاون سے انکار کے بعد برایان ہک نے اکھلیش کمار کو ایک دھمکی آمیز ایمیل میں کہا ہے کہ تمہارے خلاف بھی پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔

ٹیگس