Sep ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • خطے میں حقیقی امن و خوشحالی علاقائی تعاون کے ذریعہ ممکن : ایرانی سفیر

افغانستان میں پائیدار امن کےلئے خطے کے باہر کی طاقتوں کی مداخلت کی ضرورت نہیں۔

پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے بدھ کے روز صباح نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ممالک کو بہت سے نشیب و فراز، جنگوں اور کشیدگیوں کے بعد اب تو اس مشترکہ ادراک پر پہنچ جانا چاہئیے کہ خطے میں حقیقی امن اور خوشحالی کا حصول علاقائی تعاون ہی کے ذریعہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز ایک تعمیری سوچ، اجتماعی کوشش اور تمام ہمسایہ ممالک کے تعاون سے مفید اور عملی اقدامات اٹھائیں تو افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لئے خطے کے باہر کی طاقتوں کی مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں پڑے گی۔

مہدی ہنردوست نے کہا کہ خطے میں حقیقی امن اور خوشحالی کا حصول علاقائی تعاون ہی کے ذریعہ ممکن ہے، دھمکی، دباو سابقہ معاہدوں کی خلاف ورزی اور اعتماد کے فقدان میں امریکہ سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کے بہت سے ممالک کی مزاحمت کے بجائے ہاں میں ہاں ملانے اور کمپرومائز کی پالیسیوں کے نتیجے میں اسلام دشمنوں نے اپنی جارحیت اور ڈو مور کے رویہ کو جاری رکھا ہوا ہے، عالم اسلام کی قیادت کو اپنی سابقہ پالیسیوں پر نظر ثانی کی ضرورت ہے اوراسلامی جمہوریہ ایران دنیا بھر میں مسلمانوں کیلئے منصفانہ حقوق کی حمایت کو جاری ر کھے گا۔

مہدی ہنردوست نے کہا کہ علاقائی تعاون کے حصول کیلئے قدم بہ قدم حالات کو سازگار بنانا ضروری ہے اور جاری کشیدگیوں کو ختم کرنے کے لئے تمام ممالک فوجی جھگڑوں اور تنازعوں میں نہ پڑنے کی ضمانت دیں. اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف کی یہ تجویز بھی پہلا اور پور اعتماد ساز قدم ہو سکتا ہے جس میں انہوں نے عدم جارحیت کا مشترکہ معاہدہ دستخط کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ٹیگس