Sep ۱۹, ۲۰۱۹ ۲۰:۱۴ Asia/Tehran
  • جنگ یمن کو ختم کرنے کے موقع کو غنیمت سمجھنا چاہئے، وزیرخارجہ ظریف

ایران کے وزیرخارجہ نے امریکا اور اس کے جنگ پسند اتحادیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کے المیہ کو ختم کرنے کے لئے موقع کو غنیمت جاننا ہی تلافی کا واحد راستہ ہے نہ ک جنگ کے دائرے کو وسیع کرنا

ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹرمحمد جواد ظریف نے جمعرات کو اپنے ٹویٹر پیج پر امریکی وزیرخارجہ مائیک پمپیئو کے حالیہ اعترافی ویڈیو کا لینک شیئر کرتے ہوئے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ سی آئی اے کے سربراہ کی حیثیت سے جھوٹ بھی بولتے تھے اور جعلی کام بھی کرتے تھے، طنزیہ انداز میں لکھا کہ عادت کا ترک کرنا مرض کا باعث بنتا ہے - وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے کہا کہ غیرملکی خریداروں کو جو دوسروں کی جان و مال کی کوئی پروا نہیں کرتے اپنی جانب کھینچنے کے لئے جھوٹ و فریب اور گریہ و زاری کا سلسلہ پچھلے چند روز کے دوران اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے - انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ ٹیم بی کے باقی بچے عناصر اور ان کے جاہ طلب ساتھی کوشش کر رہے ہیں کہ ٹرمپ کو دھوکہ دے کر جنگ میں دھکیل دیں - ایرانی وزیرخارجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ ان کے فائدے میں ہے کہ دعا کریں کہ جو وہ چاہتے ہیں یعنی جنگ، نہ ہو کہا کہ یہ افراد ابھی جنگ یمن میں بہت ہی کم قیمت چکا رہے ہیں جب انہوں نے چار سال قبل کبر و نخوت میں چور ہو کر یمن کی جنگ ختم کرنے سے انکار کردیا تھا۔امریکی وزیرخارجہ مائیک پمپیئو نے جو سعودی عرب کے دورے پر ہیں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران آرامکو آئیل تنصیبات پر حملے میں ایران کے ملوث ہونے کا بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے دعوی کیا کہ یہ حملہ سعودی عرب پر اور اس کی سرزمین کے خلاف ہوا ہے اور یہ سعودی عرب سے براہ راست جنگ ہے - اس درمیان اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران علاقے میں کشیدگی کے حق میں نہیں ہے کہا کہ ایران اس قدر جرائت و طاقت رکھتا ہے کہ اگر وہ کوئی اقدام کرے گا تو اس کی ذمہ داری ڈنکے کی چوٹ پر قبول کرے گا - ترجمان وزارت خارجہ نے العالم سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرامکو کی تنصیبات پر حملے کے تعلق سے ایران پر جو الزامات عائد کئے جا رہے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ ان لوگوں کو یمن کے مظلوم عوام کی طاقت کا اندازہ ہی نہیں ہے - ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یمن کے بچوں، اسکولوں، اسپتالوں اور مساجد پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں اور ان وحشیانہ جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے مظلوم عوام کو جارح قوتوں کو روکنے اور اپنے دفاع کے لئے ہر طرح کے وسائل استعمال کرنے کا حق ہے - ترجمان وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا اثر و رسوخ علاقےکے عوام کے مفاد اور خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ہے کہا کہ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران نے جو قربانیاں دی ہیں وہ علاقے کے ملکوں اور پوری دنیا کے لئے تھیں ۔