Sep ۳۰, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۹ Asia/Tehran
  • ایران : یمن کی قومی حکومت کی تجویز کا خیر مقدم

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یمن کی قومی حکومت کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے خطے میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کے سلسلے میں یمن کی قومی نجات حکومت کی جانب سے سعودی عرب پر ڈرونز اور میزائل حملوں کو مشروط طور پر روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے سلسلے میں یمن کی قومی نجات حکومت کی تجویز اہم اور قابل قدر ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن کی قومی حکومت کی اس تجویز کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے جبکہ سعودی عرب مسلسل جنگ کا طبل بجا کر یمن کی شہری آبادی کو اپنے جنگی جرائم اور وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا رہا ہے۔

سید عباس موسوی نے کہا کہ ہم سعودی عرب کو یمن کی قومی حکومت کی اس تجویز کو قبول کرنے اور یمن کے نہتے عربوں کے خلاف ہوائی حملوں کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اور ایران یمن میں جنگ بندی اور یمن کے مظلوم عوام کے خلاف جاری جارحیت کو ختم کرنے کیلئے اٹھنے والے ہر قدم کا خیر مقدم کرتا ہے۔

واضح رہے کہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے صدر مهدی المشاط نے 20 ستمبر کومشروط طور پر سعودی فوجی اتحاد کو جنگ بندی کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب اس موقع سے فائدہ اٹھائے۔

ٹیگس