Oct ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی سے عمران خان کی ملاقات کا بڑے پیمانے پرانعکاس

پاکستان کے وزیراعظم کی رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کا پاکستان کے ذرائع ابلاغ پر بڑے پیمانے پرانعکاس ہوا ہے۔

سب سے پہلے پاکستان سے شائع ہونے والے روزنامہ جنگ کی شہ سرخی: وزیراعظم کی ایران کے سپریم لیڈر سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ تہران میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرنے پر ایرانی سپریم لیڈر سے اظہار تشکر کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر سے گفتگو میں کہا کہ امت مسلمہ کو کئی اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، مسلم امہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔

اور اب پاکستان سے شائع ہونے والے اخبارایکسپریس کی شہ سرخی:

پاکستان اور ایران کا خطے کے مسائل مذاکرات سے حل کرنے پر اتفاق

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

عمران خان کی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کی حمایت پر ایرانی سپریم لیڈر کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امت مسلمہ کو بے شمار اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جب کہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا پیغام عام کرنا وقت کی اہم ضروت ہے۔

 اور اب روزنامہ ڈان کی شہ سرخی:

وزیراعظم کی سپریم لیڈر سے ملاقات

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت پر آیت اللہ خامنہ ای کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو اندرونی اور بیرونی طور پر آزمائشوں کا سامنا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم قوم کے درمیان اتحاد و اتفاق کا پیغام دینا ضروری ہے۔

ایران کے دورے کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران پاک-ایران تعلقات میں بہتری کا یقین دلایا۔

بیان کے مطابق انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر کو خطے کے امن اور استحکام کے حوالے سے اپنے اقدام سے بھی آگاہ کیا۔

ٹیگس