Oct ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۳:۵۷ Asia/Tehran
  •  عالمی تعلقات کو امریکہ سے خطرہ ہے، ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکہ کے خود سرانہ اقدامات کے نتیجے میں عالمی تعلقات کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

ناوابستہ تحریک کی وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچنے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے دنیا کے تمام ملکوں پر زور دیا کہ وہ سفارت کاری اور کثیر الفریقی تعلقات پر توجہ مرکوز کریں۔انہوں نے کہا کہ ناوابستہ تحریک کا بنیادی مقصد ہی دنیا بھر میں کثیر الفریقی اور چند جانبہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینا ہے اور تنظیم کے رکن ممالک اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی توانائیاں بروئے کار لار رہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس اور اسی طرح وزارتی کونسل کے اجلاس کو دنیا کے مختلف ملکوں کے اعلی حکام کے درمیان صلاح و مشورے اور تبادلہ خیال کا اہم ترین موقع قرار دیا۔

ناوابستہ تحریک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سربراہی اجلاس کے مشترکہ بیان کی منظوری کے علاوہ اہم ترین علاقائی اور عالمی مسائل کا جائزہ لیا جائے گا جن میں دنیا کے مختلف علاقوں میں جاری بحران اور تنازعات بھی شامل ہیں۔

ناوابستہ تحریک کا اٹھارہواں سربراہی اجلاس پچیس اور چھبیس اکتوبر کو جمہوریہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہوگا جس میں تنظیم کے رکن ملکوں کے سربراہوں کے علاوہ مبصر ممالک اور تنظیموں کے اعلی عہدیدار شرکت کریں گے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی بھی ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے آذربائیجان کا دورہ اور سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

صدر ایران آذر بائیجان میں اپنے قیام کے دوران ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کے سربراہوں اور اعلی عہدیداروں سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے مسائل کے علاوہ اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔

ٹیگس