Oct ۳۱, ۲۰۱۹ ۱۱:۳۴ Asia/Tehran
  • ایران، آئی اے ای اے کے نئے سربراہ کے ساتھ بھر پور تعاون کے لئے تیار

اسلامی جمہوریہ ایران نے آئی اے ای اے کے نئے سربراہ کے ساتھ بھر پور تعاون کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے ۔ ایران نے اسی کے ساتھ امید ظاہر کی ہے کہ نئے ڈائریکٹر جنرل، رافائل گروسی کی سربراہی میں ایٹمی توانائی کا عالمی ادارہ آئی اے ای اے ، پوری غیر جانبداری کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر عمل کرے گا ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے باہمی احترام غیرجانبداری اور پیشہ وارانہ بنیادوں پرآئی اے ای اے کے ساتھ بھر پور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ انھوں نے جمعرات کو آئی اے ای اے کے نئے سربراہ رافائل گروسی کو آئی اے ای اے کا ڈائریکٹر جنرل منتخب کئے جانے پر مبارکباد پیش کی ۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایٹمی ترک اسلحہ اور ایٹمی اسلحے کے عدم پھیلاؤ کے تعلق سے آئی اے ای اے اور رکن ملکوں کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ رافائل گروسی کی سربراہی میں یہ ادارہ پوری غیر جانبداری کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں پر عمل کرے گا۔ انھوں نے اسی کے ساتھ جامع ایٹمی معاہدے کے تعلق سے آئی اے ای اے کی سنگین ذمہ داریوں کی بھی یاد دہانی کرائی ۔ سید عباس موسوی نے پر امن ایٹمی سرگرمیوں کے تعلق سے ایران کے ساتھ سبھی رکن ملکوں کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں آئی‏ اے ای اے کو بھی اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہئے ۔

اسی کے ساتھ ایٹمی توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل مندوب نے بھی ادارے کے غیر جانبدار رہنے پر زور دیا ہے۔ آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل نمائندے کاظم غریب آبادی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ ایجنسی کے غیر جانبدار اور پیشہ ورانہ کردار پر زور دیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ایران کو توقع ہے کہ آئی اے ای اے ہر طرح کے حالات میں اپنی غیر جانبدار حیثیت اور پوزیشن کو باقی رکھے گا ۔ انہوں نے ایجنسی کے دیگر رکن ممالک سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ایجنسی پر دباؤ ڈالنے سے پرہیز کریں۔

کاظم غریب آبادی نے ایجنسی کے نئے سربراہ رافائل گروسی سے بھی اپیل کی کہ وہ سابق سربراہ کے مانند جامع ایٹمی معاہدے کے تحفظ میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

یاد رہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سابق سربراہ یوکیا آمانو بائیس جولائی کو بہتر سال کی عمر میں بیماری کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے جس کے بعد منگل کے روز ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے رافائل گروسی کو آئی اے ای اے کا نیا ڈائریکٹر جنرل منتخب کیا گیا ہے۔

گروسی کا مقابلہ رومانیہ کے سفارت کار کرنل فروتا سے ہوا لیکن انہیں صرف دس ووٹ مل سکے ۔

یاد رہے کہ کرنل فروتا کو یوکیا امانوکے انتقال کے بعد آئی اے ای اے کا عبوری سربراہ منتخب کیا گیا تھا جن کی ذمہ داریاں رافائل گروسی کے انتخاب کے بعد ختم ہوگئیں۔

ٹیگس