Nov ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف امریکہ کی غیرمعمولی پابندیوں پر اقوام متحدہ کی تنقید

اقوام متحدہ نے ایران کے خلاف امریکا کی غیر انسانی پابندیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے واشنگٹن سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان فرہان حق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے خلاف دواؤں اور طبی ساز و سامان پر امریکی پابندیوں کی وجہ سے اپیڈر مولیزیس بولوسا ( ای بی ) کے نتیجے میں پندرہ افراد کے جاں بحق ہونے کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ امریکہ اور تمام ممالک کو چاہئے کہ اس سلسلے میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل کریں۔اکتوبر دوہزار اٹھارہ میں عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق امریکہ ، ایران کے لئے دواؤں اور طبی ساز و سامان کی برآمدات میں آٹھ مئی دوہزار اٹھارہ کی پابندیوں کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹیں ختم کرنے کا پابند ہے۔ایران میں ایپیڈر مولیزیس بولوسا ( ای بی ) ہاسپیٹل کے ڈائرکٹر حجت الاسلام سید حمید رضا ہاشمی گلپائگانی نے کچھ دنوں پہلے خبر دی تھی کہ ای بی مریضوں کے لئے دوائیں اور خاص بینڈیج بنانے والی سوئیڈن کی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ایران نے جن دواؤں کا آرڈر دیا ہے وہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے بھیجی نہیں جا سکتیں ۔ایپیڈر مولیزیس بولوسا ( ای بی ) ایک ایسی موروثی بیماری ہے جس کی وجہ سے جلد کا کینسر ہونے کا خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔