Nov ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران مخالف انسانی حقوق کی قرارداد ریا کارانہ ہے، آل حبیب

اقوام متحدہ میں ایران کے نائب سفیر اسحاق آل حبیب نے ایران مخالف انسانی حقوق کی قرارداد کو ریا کارانہ قرار دیا ہے۔دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نےاقوام متحدہ کی تھرڈ کمیٹی کی قرارداد کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

جنرل اسمبلی کی تھرڈ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق آل حبیب کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کی نسل کشی کرنے والی اقتصادی دہشت گردی میں ملوث ممالک انسانی حقوق کا راگ الاپ کر مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی تھرڈ کمیٹی کا اجلاس ایک بار پھر ایسے ممالک کے لیے نا جائز فائدہ اٹھانے کا پلیٹ فارم بنا ہے جو خود انسانی حقوق کے خلاف ورزی  کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ 
ایران کے نائب سفیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تھرڈ کمیٹی کا جمعرات کا اجلاس انسانی حقوق کا انتہائی خراب ریکارڈ رکھنے والے مخصوص ملکوں کے ریاکارانہ رویئے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 
اسحاق آل حبیب نے حکومت کینیڈا کے دوغلے رویئے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آخر کینیڈا اپنے متضاد رویے کو کیسے یکجا کرسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ سرزمین فلسطین میں نسل پرست صیہونی حکومت کی حمایت کرنے والا ملک  کینیڈا ایران کے مقابلے میں انسانی حقوق کے دفاع کا پرچم بلند کر رہا ہے، جو کھلی ریا کاری ہے۔ 
ایران کے نائب سفیر کا کہنا تھا کہ اچھے اور خوبصورت الفاظ کے جامے میں کینیڈا کے سیاسی نظام میں پائی جانے والی نسل پرستی، خرابی اور ریاکاری کو چھپایا نہیں جاسکتا۔
اسحاق آل حبیب نے واضح کیا کہ ایران انسانی حقوق کے بارے میں تمام صاحبان منفعت کے ساتھ با مقصد بات چیت کے لیے اپنی آمادگی بارھا اعلان کرچکا ہے لیکن ہماری اس پیشکش کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے۔ 
اقوام متحدہ میں ایران کے نائب سفیر کہا کہ ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اعتراضات اور اسی طرح جنرل اسمبلی کی تھرڈ کمیٹی کی ایران مخالف قرارداد پوری طرح سے ریاکاری پر مبنی ہے اور تہران اسے مسترد کرتا ہے۔ 
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے بھی اپنے ایک بیان میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی تھرڈ کمیٹی کی قرارداد کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ سید عباس موسوی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے انسانی حقوق کی پاسداری قومی مفادات اور سلامتی کے دائرے میں شرعی اور قانونی فریضہ ہے۔ 
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایران مخالف قرارداد کی حمایت کرنے والے، عصر حاضر کے ایسے خونخوار ممالک ہیں جنہوں نے انسانیت کے خلاف ہر طرح کے جرائم کا ارتکاب کیا ہے لہذا انہیں انسانی حقوق کے بارے میں زبان کھولنے کا حق حاصل نہیں۔ 
سید عباس موسوی نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف قرارداد پیش کرنے والوں میں امریکہ بھی شامل ہے جو ایرانی عوام کے خلاف اقتصادی دہشت گردی کے ذریعے عورتوں، بچوں، بوڑھوں اور مریضوں سمیت تراسی ملین ایرانیوں کے بنیادی ترین حقوق پامال کر رہا ہے۔