Nov ۱۹, ۲۰۱۹ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان نےکی عسکری تعاون کے فروغ پرتاکید

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ تہران کے دورے پر ہیں۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق تہران میں پاکستانی فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل محمد باقری سے ملاقات اور گفتگو کی۔

اس ملاقات میں محمد باقری نے پاکستان کو ایران کا اہم ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات دیرینہ ، اسلامی اور دینی مشترکات پر استوار ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی اور پاکستانی افواج میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کا سلسلہ جاری ہے اور جاری رہےگا۔

اس ملاقات میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی ایران اور پاکستان کی افواج کے درمیان قریبی تعلقات اور تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ مفادات اور مشترکہ خطرات ہیں جن کا ہمیں باہمی تعاون کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہیے۔ ایرانی اور پاکستانی افواج کے رہنماؤں نے اس ملاقات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی مختلف راہوں پر بھی غور کیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچے ہیں۔

 

ٹیگس