Nov ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • صدر ایران کا پاکستان کے ساتھ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر زور

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا کے ساتھ ملاقات میں تہران اسلام آباد تعلقات کو زیادہ سے زیادہ مضبوط اور پائیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

منگل کی شام تہران میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا کے ساتھ ملاقات میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران نے امن گیس پائپ لائن پاکستان کی سرحد تک پہنچا دی ہے اور تہران دیگر شعبوں میں بھی اسلام آباد کے ساتھ تعاون کے لیے پوری طرح آمادہ ہے۔

صدر ایران نے خطے کے مسائل اور تبدیلیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ علاقے کے ملکوں کے تعلقات میں امن و سکون اور استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ اور استحکام کی بے پناہ گنجائش موجود ہے اور دونوں ممالک کا مشترکہ تعاون نہ صرف ایران و پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے سومند ثابت ہوسکتا ہے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا نے اس موقع پر کہا کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے پڑوسی، دوست اور برادر ہیں اور کوئی بھی ملک ہمارے تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوسکتا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائے گا اور باہمی تعلقات کی موجودہ سطح میں اضافے کے لیے مکمل آمادہ ہے۔

قبل ازیں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باوجوا نے ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمرل علی شمخانی نے سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے سب ہی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمرل علی شمخانی کا کہنا تھا کہ خطے کے تمام ملکوں خاص طور سے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کا فروغ اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجک پالیسی کا حصہ اور اس میں پاکستان کو خاص مقام حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کا فروغ مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور تہران اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کے لیے پوری طرح آمادہ ہے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا نے اس موقع پر اپنے دورہ تہران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے تہران میں اپنے قیام کے دوران ایران کی بری فوج کے سربراہ میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی سے بھی ملاقات کی اور دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کی راہوں کا جائزہ لیا۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا ایک اعلی سطحی فوجی وفد کے ہمراہ پیر کی شام اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے۔

ٹیگس