Nov ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  •  ایران کے مختلف شہروں میں بلوائیوں ، ان کے سرپرستوں اور امریکا و اسرائیل کے خلاف عوام کے مظاہروں کا سلسلہ جاری

اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں میں بلوائیوں ، ان کے سرپرستوں اور امریکا و اسرائیل کے خلاف عوام کے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں سے ہمارے نمائندوں نے رپورٹ دی ہے کہ ایران میں عوام کے پر امن مظاہروں کو اغوا کرکے بلوے اور تشدد میں تبدیل کرنے والے شر پسندوں اور ان کی سرپرستی کرنے والے امریکا اور اسرائیل کے خلاف جمعرات کو بھی وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے گئے۔

ہمارے نمائندوں  کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سبھی شمالی، جنوبی، مشرقی اور مغربی صوبوں کے اہم شہروں میں عوام نے مظاہرے کرکے بدامنی اور تشدد کی مخالفت کا اعلان کیا۔ہمدان، گرگان، کرمان، اراک، رشت،تبریز، خرم آباد ، کاشان، اصفہان، شیراز ، ایلام اور اہوازسمیت ملک کے تقریبا سبھی شہروں میں عوام نے پر امن مظاہروں کو اغوا کرکے بدامنی اور تشدد میں تبدیل کرنے والے اغیار کے ایجنٹوں اور شر پسند عناصر سے اپنی نفرت کا اعلان کیا ۔ ایرانی عوام نے اپنے مظاہروں میں امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے اور، اسلامی انقلاب ، انقلابی اقدار، حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی امنگوں اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے اپنی وفاداری کا اعلان کیا۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد ایران کے بعض شہروں میں عوام نے پر امن مظاہرے کئے تھے لیکن اغیار سے وابستہ بلوائی عناصر نے عوام کے ان مظاہروں کو تشدد میں تبدیل کرکے منحرف کردیا۔ بلوائیوں نے مختلف شہروں میں سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کی۔اس دوران وائٹ ہاؤس نے ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد دعووں کی تکرار کرتے ہوئے بلوائیوں اور تخریبی عناصر کی حمایت کا اعلان کیا۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اتوار کو فقہ کے درس خارج کے دوران پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد رونما ہونے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ حکومت کے اس فیصلے سے عوام کے بعض حلقوں میں یقینا تشویش ہوئی ہوگی اور وہ ناراض بھی ہوں گے لیکن تخریب کاری اور آگ لگانے کے اقدامات عوام نے نہیں بلکہ شر پسندوں نے انجام دیئے ہیں۔آپ نے فرمایا کہ ایران کے دشمنوں اور انقلاب کے مخالفین نے ہمیشہ اس قسم کے تخریبی اور بدامنی پھیلانے والے اقدامات کی حمایت کی ہے اور اسی کام میں مشغول ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے اس خطاب کے بعد پورے ایران میں عوام نے بلوائیوں اور ان کے حامیوں کی مخالفت میں مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ شروع کردیا۔بدھ کو تہران میں ایرانی عوام نے سیکورٹی دستوں اور پولیس کے اہلکاروں کو پھولوں کا نذرانہ پیش کرکے امن و امان کی بحالی میں ان کی کاوشوں اور فداکاریوں کی قدردانی کی ۔

ٹیگس