Nov ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران؛ نمازیوں نے بلوائیوں کے خلاف کیا احتجاج

اسلامی جمہوریہ کے سبھی شہروں اور قریوں میں مسلمان ایرانی عوام نے نماز جمعہ کے بعد ریلیاں نکال کے بلوائیوں اور ان کے سرپرستوں ، امریکا اور اسرائیل سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کیا۔

جمعے کو اسلامی جمہوریہ ایران کی فضا امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ۔ایرانی عوام نے نماز جمعہ کے بعد جلوس اور ریلیاں نکال کے بلوے اور تشدد کی مخالفت اور ملک میں امن وامان کی برقراری اور اقتدار اعلی کے تحفظ کی حمایت کا اعلان کیا ۔

ایرانی عوام نے اپنے مظاہروں میں امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے اور، اسلامی انقلاب ، انقلابی اقدار، حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی امنگوں اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای  سے اپنی وفاداری کا اعلان کیا۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد ایران کے بعض شہروں میں عوام نے پر امن مظاہرے کئے تھے لیکن اغیار سے وابستہ بلوائی عناصر نے عوام کے ان مظاہروں کو اغوا کرکے تشدد میں تبدیل کردیا ۔ بلوائیوں نے مختلف شہروں میں سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کی۔

امریکا اور اسرائیل سے وابستہ بلوائیوں نے نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، متعدد بینکوں اور پیٹرول پمپوں حتی ایمبولنسوں اور بسوں پر حملہ کیا اور انہیں نقصان پہنچایا۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اتوار کو فقہ کے درس خارج کے دوران پٹیرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد رونما ہونے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ حکومت کے اس فیصلے سے عوام کے بعض حلقوں میں یقینا تشویش ہوگی اور وہ ناراض بھی ہوں گے لیکن تخریب کاری اور آگ لگانے کے اقدامات عوام نے نہیں بلکہ شر پسندوں نے انجام دیئے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے بدامنی کی مخالفت کرتے ہوئے امن و امان کی اہمیت پر زور دیا ۔اس کے بعد پورے ایران میں عوام نے گزشتہ چند دنوں کے دوران بلوائیوں اور امریکا و اسرائیل کے خلاف مظاہرے کئے ۔

جمعے کو بھی تہران سمیت پورے ایران میں نماز جمعہ کے بعد عوام نے تشدد اور بلوے کے خلاف مظاہرے کئے۔ دارالحکومت تہران اور اس کے مضافات میں عوام نے نماز جمعہ کے بعد ریلیاں نکالیں اور بلوائی مردہ باد، امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا کے بلوائیوں اور امریکا و اسرائیل سے اپنی نفرت کا اعلان کیا ۔

تہران میں مرکزی نماز جمعہ کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ دارالحکومت میں پیر کو بلوائیوں اور ان کے سرپرستوں، امریکا اور اسرائیل کے خلاف ملین مارچ نکالا جائے گا۔

مشہد مقدس کے عوام نے بھی ریلی نکال کے بلوائیوں اور بدامنی پھیلانے والوں سے اپنی نفرت اور بلوے کے خلاف رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ کے بیان کی حمایت کا اعلان کیا۔

اصفہان میں بھی نماز جمعہ کے بعد بلوے اور تشدد کے خلاف نکالی جانے والی ریلی میں نمازیوں نے بلوائی مردہ باد، امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائےاور ملک میں امن و امان اور اقتدار اعلی کے تحفظ کی حمایت کا اعلان کیا۔

اسی طرح کے مظاہرے ، شیراز، سمنان، قم، مازندران ، آذبائیجان غربی، آذربائیجان شرقی ، گیلان ، زنجان، لرستان، گلستان، سیستان و بلوچستان اور کرمان سمیت ملک کے سبھی صوبوں اور علاقوں میں انجام دیئے گئے جن میں بلوائیوں اور ان کے مغربی سرپرستوں سے نفرت و بیزاری کا اعلان کیا گیا ۔

ٹیگس