Dec ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۸ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے ایٹمی ذخائر  پر مغرب کی خاموشی پر تنقید

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں مغرب کی خاموشی پر تنقید کی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے صیہونی حکومت کے ایٹمی وارہیڈز کی تنصیب کی صلاحیت کے حامل میزائل تجربےکی جانب اشارہ کرتے ہوئے امریکہ اور یورپ کی خاموشی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔
محمد جواد ظریف نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں صیہونی حکومت کے ایٹمی میزائل کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہ جس کا ہدف ایران تھا، کہا ہے کہ جرمنی، فرانس برطانیہ اور امریکہ کبھی مغربی ایشیا میں صیہونی حکومت کے ایٹمی گودام کا شکوہ نہیں کرتے جس میں موجود میزائل ایٹمی وار ہیڈز کی تنصیب کے لئے ڈیزائن کیے گئے ہیں لیکن ایران کے روایتی اور دفاعی ہتھیاروں پر سیخ پا ہیں۔
صیہونی ذرائع ابلاغ نے جمعے کو رپورٹ دی تھی کہ صیہونی حکومت نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے ایٹمی وار ہیڈ کی تنصیب کی صلاحیت کے حامل یریحو فور قسم کے میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
صیہونی حکومت نے ایسے عالم میں ایٹمی میزائلی تجربہ کیا ہے کہ تل ابیب کو ایران کے میزائلی تجربوں پر ہمیشہ اعتراض رہتا ہے اور وہ تہران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ بھی کرتا رہتا ہے جبکہ ایران کے میزائلی تجربے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی نہیں ہیں۔ خفیہ اداروں کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کے پاس تقریبا چار سو ایٹمی وار ہیڈز ہیں۔ صیہونی حکومت نہ ہی اپنے غیرقانونی ایٹمی پلانٹ کی تفتیش کی اجازت دیتی ہے اور نہ ہی اس نے این پی ٹی پر دستخط کئے ہیں۔

ٹیگس