Dec ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
  •  ایشیائی ملکوں کے تعلقات کے فروغ  پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے ایشیائی ملکوں کے تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے کردار پر تاکید کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے سنیچر کو ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے بارہویں اجلاس میں شرکت کے لئے ترکی روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ عشروں کے دوران ایشیائی ممالک نے تجارت، اقتصاد، علم و ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم پیشرفت کی ہے اور سیاسی مسائل کے حل میں موثر طریقے اختیار کئے ہیں۔

ڈاکٹرلاریجانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے بارہویں اجلاس میں سائنسی و اقتصادی تعاون کے لئے کچھ طریقہ کار سامنے آئے ہیں ، امید ظاہر کی کہ یہ اے پی اے عصر حاضر میں نئے انداز سے ایشیائی ممالک کے رابطوں میں موثر طریقہ کار فراہم کرے گی ۔اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس کے انعقاد کو رکن ممالک کے درمیان گفتگو اور ملاقات کا ایک موقع قرار دیا اور کہا کہ اس دورے میں ایران کا پارلیمانی وفد اے پی اے کے رکن ممالک کے سربراہوں سے گفتگو میں ایران کے اقتصادی حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کرے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی صحافیوں سے گفتگو کے بعد ایک اعلی سطحی پارلیمانی وفد کی قیادت میں سنیچر کی صبح ایشیائی پارلیمانی اسمبلی اے پی اے کے اجلاس میں شرکت کے لئے ترکی روانہ ہوگئے۔

ٹیگس