Dec ۲۵, ۲۰۱۹ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
  • ظالم طاقتوں سے نفرت و بیزاری، حضرت عیسی (ع) کی تعلیمات میں شامل ہیں: رہبر انقلاب اسلامی

آج پچیس دسمبر نبی خدا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم ولادت ہے اور دنیا ، بالخصوص عیسائی برادری بڑی دھوم دھام سے کرسمس کے جشن منا رہی ہے۔ اسی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر نے اپنے ٹوئیٹر پیج پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

رہبرمعظم انقلاب اسلامی  کے دفتر نے اپنے ٹویئیٹر پیج پر لکھا ہے کہ حضرت عیسی (ع) کی صحیح معنوں میں پیروی تبھی ممکن ہے کہ جب راہ عدل و انصاف کو اپناتے ہوئے دنیا کی ظالم طاقتوں سے اظہار نفرت و بیزاری کیا جائے۔

حضرت عیسی (ع) کی یوم ولادت با سعادت اور کرسمس کے موقع پر رہبرمعظم انقلاب اسلامی  کے دفتر نے سوشل میڈیا کے اپنے ٹویئیٹر پیج پر لکھا ہے کہ توقع کی جاتی ہے کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی عیسائی اور مسلمان زندگی گزار رہے ہوں وہ عدل و انصاف کی پیروی اور ظالم طاقتوں سے اظہار نفرت و بیزاری کو اپنی زندگی اور کردار کا حصہ بنائیں گے اس لئے کہ یہ درس حضرت عیسی (ع) کا ہے۔

اس پیغام کے ایک اور حصے میں آیا ہے کہ بہت سے ایسے افراد ہیں جو حضرت عیسی (ع) کی پیروی کا دعوی تو کرتے ہیں لیکن عملی طور پر انہوں نے کسی اور راستے کا انتخاب کیا ہے۔ اس پیغام میں آیا ہے کہ خدا کی عبادت و پرستش اور زمانے کے فرعونوں اور ظالموں سے مقابلہ حضرت عیسی (ع) ابن مریم کی تعلیمات میں  سے ہے۔

حضرت عیسی (ع) جنھیں قرآن مجید نے روح اللہ کے نام سے پکارا ہے حضرت مریم (س) کے فرزند ہیں۔

آج 25 دسمبر 2019 کو حضرت حضرت عیسی (ع) کی ولادت با سعادت کا مبارک دن ہے۔ سحر عالمی نیٹ ورک اس موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس