Jan ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران کو دواؤں کی ترسیل پر پابندیاں، انسانیت کے خلاف جرم ہیں : وزیرصحت

ایران کی وزارت صحت نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کے نام ایک خط میں ایران کے خلاف امریکہ کی اقتصادی دہشتگردی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی پابندیوں نے ایرانی شہریوں کے لئے دواوں اور میڈیکل وسائل کی فراہمی ناممکن بنا دی ہے۔

سعید نمکی نے اپنے اس خط میں کہا کہ ایرانی، اقتصادی دہشتگردی کا شکار ہیں جو امریکی حکومت نے ان پر مسلط کر رکھی ہے۔

ایران کے وزیرصحت نے سترہ نومبر کو لکھے جانے والے اپنے پچھلے خط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ادارے خاص طور سے اقوام متحدہ نے اب تک ایران کے خلاف امریکہ کی اقتصادی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔

وزیر صحت سعید نمکی نے کہا کہ امریکہ، ایران پر پابندیاں عائد کر کے نہ صرف اقتصادی دہشتگردی کررہا ہے بلکہ اس نے انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

امریکہ نے ایٹمی سمجھوتے سے یکطرفہ طور پر باہر نکل کر ایران کے خلاف سنگین پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

واشنگٹن کی ظالمانہ اور یکطرفہ پابندیاں ایرانی عوام بالخصوص مریضوں کے لئے بہت سے مسائل و مشکلات پیدا ہونے کا باعث ہوئی ہیں۔

ٹیگس